یہ واعظ کیسی بہکی بہکی باتیں ہم سے کرتے ہیں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
یہ واعظ کیسی بہکی بہکی باتیں ہم سے کرتے ہیں
by لالہ مادھو رام جوہر

یہ واعظ کیسی بہکی بہکی باتیں ہم سے کرتے ہیں
کہیں چڑھ کر شراب عشق کے نشے اترتے ہیں

خدا سمجھے یہ کیا صیاد و گلچیں ظلم کرتے ہیں
گلوں کو توڑتے ہیں بلبلوں کے پر کترتے ہیں

دیا دم نزع میں گو آپ نے پر روح چل نکلی
کسی کے روکنے سے جانے والے کب ٹھہرتے ہیں

ذرا رہنے دو اپنے در پہ ہم خانہ بدوشوں کو
مسافر جس جگہ آرام پاتے ہیں ٹھہرتے ہیں

نہ آ جایا کرو اغیار کی الفت جتانے میں
وہ تم پر کیوں بھلا مرنے لگے فاقوں سے مرتے ہیں

ہر اک موسم میں کشت آرزو سرسبز رہتی ہے
تردد غیر کو ہوگا یہاں تو چین کرتے ہیں

یہ جوڑا کھولنا بھی ہیچ سے خالی نہیں ان کا
الجھ جاتا ہے دل جب بال شانوں پر بکھرتے ہیں

سمجھ لینا تمہارا اے رقیبو کچھ نہیں مشکل
خدا جانے یہ کس کا خوف ہے ہم کس سے ڈرتے ہیں

تکلف کے یہ معنی ہیں سمجھ لو بے کہے دل کی
مزا کیا جب ہمیں نے یہ کہا تم سے کہ مرتے ہیں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse