ہم سے نہ ہوگی ترک وفا یہ اور کسی کو سنائیں آپ
Appearance
ہم سے نہ ہوگی ترک وفا یہ اور کسی کو سنائیں آپ
ہم نہ سنیں گے حضرت ناصح لاکھ ہمیں سمجھائیں آپ
شرم و حیا کے پردے میں کرتے تھے ہم پہ جفائیں آپ
آپ کو ہم پہچان گئے منہ آنچل سے نہ چھپائیں آپ
زلف کا تیرے ان سے کوئی مضموں جو رقم ہو جاتا ہے
فرط خوشی سے لے لیتا ہوں ہاتھوں کی اپنے بلائیں آپ
واہ جی وا بس دیکھ لیا کیا وضع کی ہے یہی پابندی
کہتے اس کو ہیں شرم و حیا ہم جاں سے جائیں نہ آئیں آپ
سن چکے حال پرسش محشر وعظ کی انجمؔ حد بھی ہے
یہ تو نہیں ہے حکم خدا روز ایک قیامت ڈھائیں آپ
This work is in the public domain in the United States but it may not be in other jurisdictions. See Copyright.
| |