کیوں کہ کہیے کہ ادا بندی ہے
Appearance
کیوں کہ کہیے کہ ادا بندی ہے
شاعری کیا ہے ہوا بندی ہے
خم گیسو کو چھوا تھا کس کے
شب سے گلشن میں صبا بندی ہے
کیونکہ ہم خون نہ روئیں شب عید
یار مشغول حنا بندی ہے
در پہ بیٹھے ہیں ترے بے زنجیر
یہ عجب طرح کی پابندی ہے
نہیں پڑھتا مرا نسخہ عطار
بسکہ مصروف دوا بندی ہے
شوخ مضموں سے حذر کرتے ہیں
شعر میں جن کے حیا بندی ہے
مژدہ اے حسرت نظارہ کہ واں
گرد چلمن کے ردا بندی ہے
ہر نفس تازہ غزل کہتے ہیں
ہر نفس تازہ نوا بندی ہے
مصحفیؔ شعر میں تو یاد ہمیں
زور صورت کی ادا بندی ہے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |