کافر ہوئے صنم ہم دیں دار تیری خاطر

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
کافر ہوئے صنم ہم دیں دار تیری خاطر
by ولی اللہ محب

کافر ہوئے صنم ہم دیں دار تیری خاطر
تسبیح توڑ باندھا زنار تیری خاطر

گل سینہ چاک بلبل نالاں چمن میں دیکھی
آنکھوں کے دکھ سے نرگس بیمار تیری خاطر

ابرو کی تو اشارت جس کی طرف کرے تھا
چلتی تھی مجھ میں اس میں تلوار تیری خاطر

میں جھوٹ سچ بھی یک دم آنسو نہ ان کے پونچھے
جو چشم روز و شب ہیں خوں بار تیری خاطر

سب آشناؤں سے ہم بیگانہ ہو رہے تھے
اب زندگی ہے اپنی دشوار تیری خاطر

مسجد میں میکدے میں کیا کیفی اور صوفی
بے ہوش تیری خاطر ہشیار تیری خاطر

جو راہ عاشقی میں تھی پستی و بلندی
وہ ہم نے کی سراسر ہموار تیری خاطر

پتھرا گئی ہیں آنکھیں انجم کی طرح ہر شب
بیدار رہتے رہتے اے یار تیری خاطر

اس ابر میں چمن نے کیا کیا کیا ہے ساقی
اسباب مے کشی کا تیار تیری خاطر

ہر غنچہ ہے گلابی ہر گل ہے ساغر مے
مے خانہ ہو رہا ہے گلزار تیری خاطر

آگے تو کوچہ گردی شیوہ نہ تھا محبؔ کا
کی اب شروع اس نے ناچار تیری خاطر


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.