Jump to content

پُھول کا تحفہ عطا ہونے پر

From Wikisource
پھُول کا تحفہ عطا ہونے پر (1924)
by محمد اقبال
295965پھُول کا تحفہ عطا ہونے پر1924محمد اقبال

وہ مستِ ناز جو گُلشن میں جا نکلتی ہے
کلی کلی کی زباں سے دُعا نکلتی ہے
“الٰہی! پھُولوں میں وہ انتخاب مجھ کو کرے
کلی سے رشکِ گُلِ آفتاب مجھ کو کرے”

تجھے وہ شاخ سے توڑیں! زہے نصیب ترے
تڑپتے رہ گئے گُلزار میں رقیب ترے
اُٹھا کے صدمۂ فُرقت وصال تک پہنچا
تری حیات کا جوہر کمال تک پہنچا
مرا کنول کہ تصدّق ہیں جس پہ اہلِ نظر
مرے شباب کے گُلشن کو ناز ہے جس پر
کبھی یہ پھُول ہم آغوشِ مدّعا نہ ہوا
کسی کے دامنِ رنگیں سے آشنا نہ ہوا
شگفتہ کر نہ سکے گی کبھی بہار اسے
فسُردہ رکھتا ہے گُلچیں کا انتظار اسے


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.