نہ بکھرایا کرو تم بیٹھے بیٹھے زلف پیچاں کو
نہ بکھرایا کرو تم بیٹھے بیٹھے زلف پیچاں کو
خدا کے واسطے دیکھو مرے حال پریشاں کو
عجب انداز سے پس پس کے ہونٹوں سے نکلتی ہے
کروں قربان تیری اک نہیں پر سینکڑوں ہاں کو
خدا جانے مزا آتا ہے کیا اس میں کہ ہنس ہنس کر
وہ پہروں دیکھتے رہتے ہیں میرے زخم خنداں کو
انہیں پھر اس نے بھڑکایا ہوئے گرم جفا پھر وہ
الٰہی آگ لگ جائے ہماری چشم گریاں کو
قیامت کا سماں پھرنے لگا ہے میری آنکھوں میں
کہ جب سے میں نے دیکھا ہے کسی کی چشم فتاں کو
بڑھی دیوانگی میری کچھ ایسی عشق گیسو میں
کہ میرے نام سے ہوتی ہے وحشت اب بیاباں کو
گئے وہ دن مناتے تھے کسی کے ساتھ ہم ساون
کہ اب تو دیکھتے رہتے ہیں اپنی چشم گریاں کو
ابھی تو ہے شروع فصل گل جوش جنوں تازہ
رفو کیوں لوگ کرتے ہیں مرے چاک گریباں کو
ترے آتے ہی جھاڑو پھر گئی کس کس کو روئیں ہم
الم کو یاس کو حسرت کو بیتابی کو ارماں کو
مرے شیون سے تو آزردہ تھے پھر رو دئیے آخر
نظر آیا جو میں جاتا ہوا شہر خموشاں کو
بڑھے پھر ناخن وحشت کہ ایام بہار آئے
ذرا ہشیار رہنا اے ہمارے زخم کے ٹانکو
مری آنکھیں ہی دشمن ہو گئیں حق میں مرے آخر
اسی رستے اتارا اس نے دل میں تیر مژگاں کو
بلا سے گر ہماری جان مضطر پر گرے بجلی
اسی انداز سے اک بار پھر غرفے سے تم جھانکو
ہوئی جاتی ہے کیا کیا لوٹ اس پر رحمت باری
کوئی دیکھے تو محشر میں ہماری شرم عصیاں کو
نہ رکھا جانے کے قابل مجھے بیتابیٔ دل نے
کیا تھا میں نے کس مشکل سے راضی اس کے درباں کو
مجھے سر پھوڑنے کی آرزو تھی یوں ہوئی پوری
گرایا سر پہ سیل اشک نے دیوار زنداں کو
مرے گریہ کی طغیانی ہے گویا نوح کا طوفاں
گرایا سر پہ سیل اشک نے دیوار زنداں کو
کسی یوسف لقا کی یاد میں رویا ہوں میں اتنا
گرایا سر پہ سیل اشک نے دیوار زنداں کو
مرا بے خانماں ہونا مری قسمت میں لکھا تھا
گرایا سر پہ سیل اشک نے دیوار زنداں کو
مری جانب سے ہے دل میں غبار اس بے مروت کے
نکالے گا وہ پھر کیا خاک میرے دل کے ارماں کو
خلش کا ذائقہ مد نظر ہے مجھ کو اے ہمدم
جگہ کیوں کر نہ دوں دل میں کسی کی نوک مژگاں کو
وہ آئے تو مٹے جاتے ہیں کیوں یہ ماجرا کیا ہے
الٰہی ہو گیا یہ کیا مری حسرت کو ارماں کو
پھڑکتی ہے رگ گردن مری کیوں آج پھر نشترؔ
چڑھایا سان پر قاتل نے شاید تیغ براں کو
This anonymous or pseudonymous work is in the public domain in the United States because it was in the public domain in its home country or area as of 1 January 1996, and was never published in the US prior to that date. It is also in the public domain in other countries and areas where the copyright terms of anonymous or pseudonymous works are 80 years or less since publication. |