میرؔ کیا چیز ہے سوداؔ کیا ہے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
میرؔ کیا چیز ہے سوداؔ کیا ہے
by غلام علی ہمدانی مصحفی

میرؔ کیا چیز ہے سوداؔ کیا ہے
مجھ کو ان لوگوں کی پروا کیا ہے

یہ اگر عرصے میں آئے زیں پیش
دیکھ تو میرا بھی شہرہ کیا ہے

اے صبا شمع سحر کو نہ ستا
اب بجھی جائے ہے عرصہ کیا ہے

گر کیا قتل کسی کو تو کیا
چلو اس بات کا چرچا کیا ہے

ایک دن اس کے میں در تک جو گیا
یہ سمجھ دیکھوں تو ہوتا کیا ہے

تھے کئی شخص بہم حرف زناں
میں کہا ان سے یہ غوغا کیا ہے

سن کے واں سے جو نکل آیا ایک
وہ مجھے دیکھ کے کہتا کیا ہے

آپ جو دیر سے اس جا ہیں کھڑے
یہ کہیں آپ نے بیچا کیا ہے

مل گئے خاک میں ہم اب تو کہہ
مصحفیؔ تیری تمنا کیا ہے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse