Jump to content

مسجدِ قُوّت الاسلام

From Wikisource
مسجدِ قُوّت الاسلام (1936)
by محمد اقبال
296458مسجدِ قُوّت الاسلام1936محمد اقبال

ہے مرے سِینۂ بے نُور میں اب کیا باقی
’لااِلہ‘ مُردہ و افسُردہ و بے ذوقِ نمود
چشمِ فطرت بھی نہ پہچان سکے گی مجھ کو
کہ ایازی سے دِگرگُوں ہے مقامِ محمودؔ
کیوں مسلماں نہ خِجل ہو تری سنگینی سے
کہ غلامی سے ہُوا مثلِ زُجاج اس کا وجود
ہے تری شان کے شایاں اُسی مومن کی نماز
جس کی تکبیر میں ہو معرکۂ بود و نبود
اب کہاں میرے نفَس میں وہ حرارت، وہ گداز
بے تب و تابِ درُوں میری صلوٰۃ اور درُود
ہے مِری بانگِ اذاں میں نہ بلندی، نہ شکوہ
کیا گوارا ہے تجھے ایسے مسلماں کا سجود؟


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.