Jump to content

عید پر شعر لِکھنے کی فرمائش کے جواب میں

From Wikisource
عید پر شعر لِکھنے کی فرمائش کے جواب میں (1924)
by محمد اقبال
295994عید پر شعر لِکھنے کی فرمائش کے جواب میں1924محمد اقبال

یہ شالامار میں اک برگِ زرد کہتا تھا
گیا وہ موسمِ گُل جس کا رازدار ہوں میں

نہ پائمال کریں مجھ کو زائرانِ چمن
انھی کی شاخِ نشیمن کی یادگار ہوں میں

ذرا سے پتّے نے بیتاب کر دیا دل کو
چمن میں آ کے سراپا غمِ بہار ہوں میں

خزاں میں مجھ کو رُلاتی ہے یادِ فصلِ بہار
خوشی ہو عید کی کیونکر کہ سوگوار ہوں میں

اُجاڑ ہوگئے عہدِ کُہن کے میخانے
گزشتہ بادہ پرستوں کی یادگار ہوں میں

پیامِ عیش و مسرّت ہمیں سُناتا ہے
ہلالِ عید ہماری ہنسی اُڑاتا ہے


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.