Jump to content

صنم نے جب لب گوہر فشان کھول دیئے

From Wikisource
صنم نے جب لب گوہر فشان کھول دیئے
by ولی اللہ محب
312314صنم نے جب لب گوہر فشان کھول دیئےولی اللہ محب

صنم نے جب لب گوہر فشان کھول دیئے
صدف کے موج تبسم نے کان کھول دیئے

تری نسیم تبسم نے غنچہ ساں دل کے
جو عقدے بند تھے آناً فان کھول دیئے

سرشک چشم نے کر شہر بند دل کو خراب
تمام عشق کے راز نہان کھول دیئے

یہ کس کی کاوش مژگاں نے دل سے تا سر چشم
ہزار چشمۂ آب روان کھول دیئے

چمن چمن ترے عارض کے رنگ حسرتؔ نے
بہ چشم گل مژۂ خوں چکان کھول دیئے

نکالوں دل سے میں نالے کی کس طرح آواز
تری نگہ نے عجب سرمہ دان کھول دیئے

ہوائے خاک نشینی نے بے غبار محبؔ
نظر میں پردۂ ہفت آسمان کھول دیئے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.