سر شوریدہ پائے دشت پیما شام ہجراں تھا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
سر شوریدہ پائے دشت پیما شام ہجراں تھا
by بیان میرٹھی

سر شوریدہ پائے دشت پیما شام ہجراں تھا
کبھی گھر تھا بیاباں میں کبھی گھر میں بیاباں تھا

ترے کشتے کو محشر خواب آسائش کا ساماں تھا
کہ صور افسانہ گو تھا زلزلہ گہوارۂ جنباں تھا

جسے سب نوح کے فرزند کہتے ہیں کہ طوفاں تھا
کسی جاندادۂ خاموش کا اندوہ پنہاں تھا

بلا سے چور کر دو چور کر دو شیشۂ دل کو
اسی میں قید حسرت تھی اسی میں بند ارماں تھا

نہ کھولی آنکھ وقت نزع بیمار محبت نے
کسی کا پردہ رکھنا تھا کوئی آنکھوں میں پنہاں تھا

اکیلے اے بتو ہم بھی نہ سوئے کنج مرقد میں
جو اس پہلو میں حسرت تھی تو اس پہلو میں ارماں تھا

گئے تھے روندنے دل کو لیے بیٹھے ہیں تلووں کو
فرو رگ رگ میں نشتر تھے نہاں نس نس میں پیکاں تھا

مری ہستی کی محشر میں کوئی تعبیر کیا کرتا
کسی زلف پریشاں کا میں اک خواب پریشاں تھا

قیامت تک پس از مردن رہی اک ٹیس سی دل میں
وہ کہتے ہیں کہ پیکاں تھا میں کہتا ہوں کہ ارماں تھا

حضور بلبل کلک بیاںؔ کس طرح کھلتے منہ
کہ بوئے غنچہ ساں محجوب نطق ہر سخن واں تھا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse