Jump to content

انسان (منظر چَمنِستاں کے زیبا ہوں کہ نازیبا)

From Wikisource
انسان (1924)
by محمد اقبال
295977انسان1924محمد اقبال

منظر چَمنِستاں کے زیبا ہوں کہ نازیبا
محرومِ عمل نرگس مجبورِ تماشا ہے

رفتار کی لذّت کا احساس نہیں اس کو
فطرت ہی صنوبر کی محرومِ تمنّا ہے

تسلیم کی خُوگر ہے جو چیز ہے دُنیا میں
انسان کی ہر قوّت سرگرمِ تقاضا ہے

اس ذرّے کو رہتی ہے وسعت کی ہوس ہر دم
یہ ذرّہ نہیں، شاید سِمٹا ہُوا صحرا ہے

چاہے تو بدل ڈالے ہیئت چَمنِستاں کی
یہ ہستیِ دانا ہے، بِینا ہے، توانا ہے


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.