یار سے اب کے گر ملوں تاباںؔ

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
یار سے اب کے گر ملوں تاباںؔ
by تاباں عبد الحی

یار سے اب کے گر ملوں تاباںؔ
تو پھر اس سے جدا نہ ہوں تاباںؔ

یا بھرے اب کے اس سے دل میرا
عشق کا نام پھر نہ لوں تاباںؔ

مجھ سے بیمار ہے مرا ظالم
یہ ستم کس طرح سہوں تاباںؔ

آج آیا ہے یار گھر میرے
یہ خوشی کس سے میں کہوں تاباںؔ

میں تو بیزار اس سے ہوں لیکن
دل کے ہاتھوں سے کیا کروں تاباںؔ

وہ تو سنتا نہیں کسی کی بات
اس سے میں حال کیا کہوں تاباںؔ

بعد مدت کے ماہرو آیا
کیوں نہ اس کے گلے لگوں تاباںؔ

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse