Jump to content

ہے یاد تجھ سے میرا وہ شرح حال دینا

From Wikisource
ہے یاد تجھ سے میرا وہ شرح حال دینا
by حسرتؔ عظیم آبادی
302874ہے یاد تجھ سے میرا وہ شرح حال دیناحسرتؔ عظیم آبادی

ہے یاد تجھ سے میرا وہ شرح حال دینا
اور سن کے تیرا اس کو ہنس ہنس کے ٹال دینا

کر کر کے یاد اس کی بے حال ہوں نہایت
فرصت ذرا تو مجھ کو تو اے خیال دینا

اس زلف کج کے عقدے ہرگز کھلے نہ مجھ پر
کیوں اس کو شانہ کر کے ایک ایک بال دینا

میں مدعا کو اپنے محمل کہوں ہوں تجھ سے
گوش دل اپنا ایدھر صاحب جمال دینا

اس عمر بھر میں تجھ سے مانگا ہے ایک بوسہ
خالی پڑے نہ پیارے میرا سوال دینا

ہم سے رکھائیاں اور منہ جھلسے مدعی کا
بوسہ پہ بوسہ ہر دم دوں بے سوال دینا

یارب کسی پہ ہرگز عاشق کوئی نہ ہو جو
دل ہاتھ دلبروں کے ہے بد مآل دینا

وہ مہرباں کہ ہم کو الطاف بر محل سے
پاس اپنے سے تھا اس کو اٹھنے محال دینا

دیکھے ہے دور سے تو کہتا ہے بے مروت
یہ کون آ گھسا ہے اس کو نکال دینا

قابو ہے تیرا حسرتؔ مت چھوڑ مدعی کو
دشمن کو مصلحت نیں ہرگز مجال دینا


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.