ہولی (نظیر اکبر آبادی, III)

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
ہولی
by نظیر اکبر آبادی

ملنے کا تیرے رکھتے ہیں ہم دھیان ادھر دیکھ
بھاتی ہے بہت ہم کو تیری آن ادھر دیکھ
ہم چاہنے والے ہیں تجرے جان ادھر دیکھ
ہولی ہے صنم ہنس کہ تُو اک آن ادھر دیکھ
اے رنگ بھرے نو گُل خنداں ادھر دیکھ

ہم دیکھنے ترا یہ جمال اس گھڑی اے جاں
آئے ہیں یہی کرکہ خیال اس گھڑی اے جاں
تُو دل میں نہ رکھ ہم سے ملال اس گھڑی اے جاں
مکھڑے پہ تیرے دیکھ گلال اِس گھڑی اے جاں
ہولی بھی یہی کہتی ہے اے جان ادھر دیکھ

اب زرد یہ چیرا جُو تیرے سر پہ جما ہے
اور اس پہ یہ طرہ جُو زری کا بھی دھرا ہے
نیما بھی تیرا رنگ سے کیسر کے بھرا ہے
پوشاک پہ تری گل صد برگ فدا ہے
نرگس تیری آنکھوں پہ ہے قربان ادھر دیکھ

ہولی کی طرب ہے جُو ہر اک جا میں نمودار
سنتے ہیں کہیں راگ کہیں مے سے ہیں سرشار
ہے دل میں ہمیں تو تیری نظروں سے سروکار
پچکاری ہمارے تو لگا یا نہ لگا یار
ہم کو تو فقط ہے یہی ارمان ادھر دیکھ

ہے دھوم سے ہولی کی کہیں شور کہیں غل
ہوتا نہیں کچھ رنگ چھڑکنے میں تأمل
دف بجتے ہیں سب ہنستے ہیں اُور دھوم ہے بالکل
ہولی کی خوشی میں تو نہ کر ہم سے تغافل
اے جان ہمارا بھی کہا مان ادھر دیکھ

ہے دید کی ہر آن طلب دل کو ہمارے
جیتے ہیں فقط تیری نگاہوں کہ سہارے
ہیں یاں جو کھڑے آن کہ اس شوق کہ مارے
ہم ایک نگہ کہ تیرے مشتاق ہیں پیارے
ٹک پیار کی نظروں سے میری جان ادھر دیکھ

ہر چار طرف ہولی کی دھومیں ہیں اہا ہا
دیکھو جدھر آتا ہے نظر روز تماشا
ہر آن جھمکتا ہے عجب عیش کا چرچا
ہولی کو نظیرؔ اب تُو کھڑا دیکھے ہے یاں کیا
محبوب یہ آیا ارے نادان ادھر دیکھ

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse