ہر عضو مسافر ہے نہیں کچھ سفری آنکھ

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
ہر عضو مسافر ہے نہیں کچھ سفری آنکھ
by خواجہ محمد وزیر

ہر عضو مسافر ہے نہیں کچھ سفری آنکھ
ہے آخر شب عمر چراغ سحری آنکھ

کیا کرتی ہے دل کش سخن اے رشک پری آنکھ
لو سیکھ گئی طرز کلام بشری آنکھ

ان آنکھوں میں صانع نے بھرے کوٹ کے موتی
قسمت یہ ہماری ہے کہ اشکوں سے بھری آنکھ

باتیں جو کرو ناز سے تم منہ کو چھپا کر
سننے کے لئے کان ہو اے رشک پری آنکھ

آیا ہے مرے دل کا غبار آنسوؤں کے ساتھ
لو اب تو ہوئی مالک خشکی و تری آنکھ

اب تک وہی رونا ہے وہی حسرت دیدار
ہم مر گئے اس پر بھی یہ کافر نہ مری آنکھ

تیار کیا خامۂ مو اپنے مژہ سے
کھینچیں گے مگر نقشۂ نازک کمری آنکھ

نرگس پہ نظر کیجے دوبارہ کہ وہ کٹ جائے
ہو جائے نظر ثانی میں اس کی نظری آنکھ

صحبت کا اثر صاحب بینش کو ہو کیونکر
عینک ہو اگر سبز نہ ہو جائے ہری آنکھ

باتوں کو زباں مثل سخن منہ سے نکل جائے
نظارے کو ہو پائے نگہ سے سفری آنکھ

تیر مژہ یار کو مژگاں ہی سمجھتے
کس آنکھ سے لڑتے ہی سدا بل بے جری آنکھ

رفتار تو دکھلا کے زخود رفتہ بنا دو
نرگس کی طرح ہے ہمہ تن کبک دری آنکھ

دامن کی طرح چاک ہوے آنکھ کے پردے
او دست جنوں سے کہ گئی جامہ دری آنکھ

جو اہل نظر میں کبھی خود بیں نہیں ہوتی
دیکھو کہ ہے اس عیب نمایاں سے بری آنکھ

کیا قہر سوا آیت ابرو ہوئی نازل
ڈر ہے نہ کرے دعویٔ پیغامبری آنکھ

کشتی وہ لیے نوح کی مانند چلے آئیں
طوفان بپا کر شب فرقت میں اری آنکھ

رہتے ہیں وزیرؔ اشک کی جا ٹکڑے جگر کے
ان روزوں ہوئی کان عقیق جگری آنکھ

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse