گریباں چاک ہیں گل بوستاں میں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
گریباں چاک ہیں گل بوستاں میں
by میر مہدی مجروح

گریباں چاک ہیں گل بوستاں میں
اثر کتنا ہے بلبل کی فغاں میں

قفس صیاد کا خالی پڑا ہے
نہ ہوں بے چین کیوں کر آشیاں میں

دعائے وصل جا اب تو اثر تک
کئے نالوں نے روزن آسماں میں

سنے گر طالع خفتہ کا قصہ
تو نیند آ جائے چشم پاسباں میں

زلیخا کی مچی جاتی ہیں آنکھیں
کہیں یوسف نہ ہو اس کارواں میں

تمام اسباب دنیاوی کے بدلے
ہے اک بے رونقی اپنی دکاں میں

سنا حال دل مجروحؔ شب کو
کوئی حسرت سی حسرت تھی بیاں میں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse