گرائیں گی یہ بجلی جس طرف ان کا گزر ہوگا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
گرائیں گی یہ بجلی جس طرف ان کا گزر ہوگا
by صفدر مرزا پوری

گرائیں گی یہ بجلی جس طرف ان کا گزر ہوگا
مری آہوں میں بھی ان کی نگاہوں کا اثر ہوگا

نہ سننا تم یہ ٹکڑے ہیں مرے افسانۂ غم کے
مری جاں ٹکڑے ٹکڑے سننے والوں کا جگر ہوگا

بتا دے اے فلک ایسی بھی کوئی رات آئے گی
مری آغوش میں وہ ہوں گے ہالے میں قمر ہوگا

تلاش چارہ گر میں عمر اپنی مفت کیوں کھوتا
خبر کیا تھی کہ درد دل مرا خود چارہ گر ہوگا

یہ صفدرؔ کہہ رہی ہے عشق میں وارفتگی میری
مٹا لو پہلے گھر اپنا تو ان کے دل میں گھر ہوگا

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse