کیا چاک‌ کیا تو نے مری جاں مرے دل کو

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
کیا چاک‌ کیا تو نے مری جاں مرے دل کو
by داغ دہلوی

کیا چاک‌ کیا تو نے مری جاں مرے دل کو
میرا ہی بنایا ہے گریباں مرے دل کو

تجھ کو ہے قسم درد محبت مرے دل کی
تو چین نہ دینا کسی عنواں مرے دل کو

یا اس بت گمراہ کو لا راہ وفا پر
یا پھیر دے اے گردش دوراں مرے دل کو

اچھی کہی اچھا نہیں کچھ دل کا لگانا
یہ لگ گئی اے ناصح ناداں مرے دل کو

تاثیر دکھا جائے محبت تو عجب کیا
سینے سے لگا آج مری جاں مرے دل کو

کچھ دور نہیں بت کدہ و کعبہ سمجھ لیں
کافر تری آنکھوں کو مسلماں مرے دل کو

ہے لطف تو یہ تجھ کو ہو محشر میں بھی انکار
اور داغؔ کہے تو نے لیا ہاں مرے دل کو

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse