کہے یہ کون مکاں اپنا لا مکاں اپنا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
کہے یہ کون مکاں اپنا لا مکاں اپنا
by بیخود موہانی
323310کہے یہ کون مکاں اپنا لا مکاں اپنابیخود موہانی

کہے یہ کون مکاں اپنا لا مکاں اپنا
ازل کے بعد سے ملتا ہے کچھ نشاں اپنا

ہے کچھ تو بات کہ دعویٰ ہے اک جہاں کا یہی
کہ تو ہے اپنا زمیں اپنی آسماں اپنا

ہر ایک گام پہ ہر سمت ہے سجود نیاز
دیار یار کو جاتا ہے کارواں اپنا

نظر بھی دفتر اعمال پر وہ کر نہ سکے
تھا اپنا حال زباں اپنی اور بیاں اپنا

در رقیب پہ سجدے میں آہ دم توڑیں
ہو جن کا قول سر اپنا ہے آستاں اپنا

عدم سے پہلے کی حالت عدم کے بعد کا حال
مجھی سے پوچھ کہ میں خود ہوں رازداں اپنا

یہ پوچھتا ہے کہ کیوں دل میں ہے اک آگ لگی
یہ دیکھتا نہیں جلتا ہے آشیاں اپنا

نہیں خیال نشیمن ملال ہے تو یہ ہے
کہ ہم نے آپ اجاڑا ہے آشیاں اپنا

ہر ایک شعلہ لرزتا ہے اور ہم چپ ہیں
قفس کے سامنے جلتا ہے آشیاں اپنا

گری تھی کوند کے بجلی کبھی نشیمن پر
یہ دیکھتا ہوں کہ جلتا ہے آشیاں اپنا

ابھی جمال سے پردے ہزار باقی ہیں
حریم یار میں بیخودؔ گزر کہاں اپنا

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse