Jump to content

کتاب پیدائش: باب نمبر 9

From Wikisource

پَیدائش باب 9
(1) اور خُدا نے نُوح اور اُس کے بیٹوں کو برکت دی اور اُن کو کہا کہ بارور رہو اور بڑھو اور زمِین کو معمور کرو۔(2) اور زمِین کے کُل جانداروں اور ہوا کے کُل پرندوں پر تُمہاری دہشت اور تُمہارا رُعب ہوگا۔ یہ اور تمام کیڑے جِن سے زمِین بھری پڑی ہے سمندر کی کُل مچھلیاں تمہارے ہاتھ میں کی گئیں۔(3) ہر چلتا پھرتا جاندار تمہارے کھانے کو ہوگا۔ ہر سبزی کی طرح مَیں نے سب کا سب تُم کو دیدیا۔(4) مگر تُم گوشت کے ساتھ خون کو جو اُس کی جان ہے نہ کھانا۔(5) مَیں تمہارے خون کا بدلہ ضرُور لُونگا۔ ہر جانور سے اُس کا بدلہ لُونگا۔ آدمی کی جان کا بدلہ آدمی سے اور اُس کے بھائی بند سے لُونگا۔(6) جو آدمی کا خون کرے اُس کا خون آدمی سے ہوگا کِیُونکہ خُدا نے اِنسان کو اپنی صورت پر بنایا ہے۔(7) اور تُم بارور رہو اور بڑھو اور زمِین پر خوب اپنی نسل بڑھاؤ اور بہت زیادہ ہوجاؤ۔(8) اور خُدا نے نُوح اور اُس کے بیٹوں سے کہا۔(9) دیکھو مَیں خود تُم سے اور تُمہارے بعد تُمہاری نسل سے۔(10) اور سب جانداروں سے جو تمہارے ساتھ ہیں کیا پرِندے کیا چوپائے کیا زمِین کے جانور یعنی زمِین کے اُن سب جانوروں کے بارے میں جو کشتی سے اُترے عہد کرتا ہُوں۔(11) میں اِس عہد کو تمہارے ساتھ قائِم رکھُّونگا کہ سب جاندار طُوفان کے پانی سے پھر ہلاک نہ ہونگے اور نہ کبھی زمِین کو تباہ کرنے کے لِئے پھِر طُوفان آئے گا۔(12) اور خُدا نے کہا کہ عہد مَیں اپنے اور تمہارے درمیان اور سب جانداروں کے درمیان جو تمہارے ساتھ ہیں پُشت درپُشت ہمیشہ کے لِئے کرتا ہُوں اُس کا نِشان یہ ہے کہ۔(13) مَیں اپنی کمان کوبادل میں رکھتا ہُوں۔ وہ میرے اور زمِین کے درمیان عہد کا نِشان ہوگی۔(14) اور اَیسا ہوگا جب مَیں زمِین پر بادل لاؤنگا تو میری کمان بادل میں دِکھائی دے گی۔(15) اور مَیں اپنے عہد کو جو میرے اور تُمہارے اور ہر طرح کے جاندار کے درمیان ہے یاد کرونگا اور تمام جانداروں کی ہلاکت کے لِئے پانی کا طُوفان پھِر نہ ہوگا۔(16) اور کمان بادل میں ہوگی اور مَیں اُس پر نِگاہ کرونگا تاکہ اُس ابدی عہد کو یاد کروں جو خُدا کے اور زمِین کے سب طرح کے جاندار کے درمیان ہے۔(17) پس خُدا نے نُوح سے کہا کہ یہ اُس عہد کا نِشان ہے جو مَیں اپنے اور زمِین کے کُل جانداروں کے درمیان قائِم کرتا ہوں۔(18) نُوح کے بیٹے جو کشتی سے نِکلے سِم حام اور یافت تھے اور حام کنعان کا باپ تھا۔(19) یہی تینوں نُوح کے بیٹے تھے اور اِن ہی کی نسل ساری زمِین پر پھَیلی۔(20) اور نُوح کاشتکاری کرنے لگا اور اُس نے ایک انگور کا باغ لگایا۔(21) اور اُس نے اُس کی مَے پی اور اُسے نشہ آیا اور وہ اپنے ڈیرے میں برہنہ ہوگیا۔(22) اور کنعان کے باپ حام نے اپنے باپ کو برہنہ دیکھا اور اپنے دونوں بھائیوں کو باہر آکر خبر دی۔(23) تب سم اور یافت نے ایک کپڑا لِیا اور اُسے اپنے کندھوں پر دھرا اور پیچھے کو اُلٹے چل کر گئے اور اپنے باپ کو برہنگی ڈھانکی۔ سو اُن کے مُنہ اُلٹی طرف تھے اور انہوں نے اپنے باپ کی برہنگی نہ دیکھی۔(24) جب نُوح اپنی مَے کے نشہ سے ہوش میں آیا تو جو اُس کے چھوٹے بیٹے نے اُس کے ساتھ کیا تھا اُسے معلُوم ہُؤا۔(25) اور اُس نے کہا کہ کنعان ملُعون ہو۔ وہ اپنے بھائیوں کے غلاموں کا غلام ہوگا۔(26) پھر کہا خُداوند سِم کا خُدا مبارک ہو اور کنعان سِم کا غلام ہو۔(27) خُدا یافت کو پھیلائے کہ وہ سِم کے ڈیروں میں بسے اور کنعان اُس کا غلام ہو۔(28) اور طُوفان کے بعد نُوح ساڑھے تین سَو برس اَور جیتا رہا۔(29) اور نُوح کی کُل عُمر ساڑھے نو سَو برس کی ہوئی۔ تب اُس نے وفات پائی۔