کتاب پیدائش: باب نمبر 48

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدائش باب 48
(1) اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ کِسی نے یُوسف سے کہا تیرا باپ بِیمار ہے۔ سو وہ اپنے دونوں بیٹوں مُنسّی اور افرائیم کو ساتھ لے کر چلا۔(2) اور یعقُوب سے کہا گیا کہ تیرا بَیٹا یُوسف تیرے پاس آ رہا ہے اور اِسرائیل اپنے کو سنبھال کر پلنگ پر بیٹھ گیا۔(3) اور یعقُوب نے یُوسف سے کہا کہ خُدایِ قادر مُطلق مُجھے لُوز میں جو مُلکِ کنعان میں ہے دِکھائی دِیا اور مُجھے برکت دی۔(4) اور اُس نے مُجھ سے کہا مَیں تُجھے برومند کرُونگا اور بڑھاؤنگا اور تُجھ سے قَوموں کا ایک زُمرہ پَیدا کرُونگا اور تیرے بعد یہ زمِین تیری نسل کو دُونگا تاکہ یہ اُن کی دائمی مِلکیَت ہوجائے۔(5) سو تیرے دونوں بیٹے جو مُلکِ مِصر میں میرے آنے سے پہلے پَیدا ہُوئے میرے ہیں یعنی رُوبن اور شمعون کی طرح افرائیم اور مُنسّی بھی میرے ہی ہوں گے۔(6) اور جو اُولاد اب اُن کے بعد تُجھ سے ہوگی وہ تیری ٹھہرے گی پر اپنی میراث میں اپنے بھائیوں کے نام سے وہ لوگ نامزد ہوں گے۔(7) اور مَیں جب فدّان سے آتا تھا تو راخِل نے راستہ ہی میں جب اِفرات تھوڑی دُور رہ گیا تھا میرے سامنے مُلکِ کنعان میں وفات پائی اور مَیں نے اُسے وہیں اِفرات کے راستہ میں دفن کِیا بَیت لحم وہی ہے۔(8) پھِر اِسرائیل نے یُوسف کے بیٹوں کو دیکھ کر پُوچھا یہ کون ہیں؟۔(9) یُوسف نے اپنے باپ سے کہا کہ یہ میرے بیٹے ہیں جو خُدا نے مُجھے یہاں دِئے ہیں۔ اُس نے کہا اُن کو ذرا میرے پاس لا۔ مَیں اُن کو برکت دُونگا۔(10) لیکن اِسرائیل کی آنکھیں بُڑھاپے کے سبب سے دُھند لا گئی تھیں اور اُسے دِکھائی نہیں دیتا تھا۔ سو یُوسف اُن کو اُس کے نزدِیک لے آیا۔ تب اُس نے اُن کو چُوم کر گلے لگا لِیا۔(11) اور اِسرائیل نے یُوسف سے کہا مُجھے تو خیال بھی نہ تھا کہ تیرا مُنہ دیکھونگا لیکن خُدا نے تیری اَولاد بھی مُجھے دِکھائی۔(12) اور یُوسف اُن کو اپنے گھُٹنوں کے بِیچ سے ہٹا کر مُنہ کے بل زمِین تک جُھکا۔(13) اور یُوسف اُن دونوں کو لے کر یعنی افرائیم کو اپنے دہنے ہاتھ سے اِسرائیل کے بائیں ہاتھ کے مُقابِل اور مُنسّی کو اپنے بائیں ہاتھ سے اِسرائیل کے دہنے ہاتھ کے مُقابِل کرکے اُن کو اُس کے نزدِیک لایا۔(14) اور اِسرائیل نے اپنا دہنا ہاتھ بڑھا کر اِفرائیم کے سر پر جو چھوٹا تھا اور بایاں ہاتھ مُنسّی کے سر پر رکھ دِیا۔ اُس نے جان بُوجھ کر اپنے ہاتھ یُوں رکھّے کِیُونکہ پہلوٹھا تو مُنسّی ہی تھا۔(15) اور اُس نے یُوسف کو برکت دی اور کہا کہ خُدا جِس کے سامنے میرے باپ ابرہام اور اِضحاق نے اپنا دَور پُورا کِیا۔ وہ خُدا جِس نے ساری عُمر آج کے دِن تک میری پاسبانی کی۔(16) اور وہ فرشتہ جِس نے مُجھے سب بلاؤں سے بچایا اِن لڑکوں کو برکت دے اور جو میرا اور میرے باپ دادا ابرہام اور اِضحاق کا نام ہے اُسی سے یہ نامزد ہوں اور زمِین پر نہایت کثرت سے بڑھ جائیں۔(17) اور یُوسُف یہ دیکھ کر کہ اُس کے باپ نے اپنا دہنا ہاتھ اِفرائیم کے سر پر رکھّا ناخُوش ہُؤا اور اُس نے اپنے باپ کا ہاتھ تھام لِیا تاکہ اُسے اِفرائیم کے سر پر ہٹاکر مُنسّی کے سر پر رکھّے۔(18) اور یُوسُف نے اپنے باپ سے کہا کہ اَے میرے باپ اَیسا نہ کر کِیُونکہ پہلوٹھا یہ ہے اپنا دہنا ہاتھ اِس کے سر پر رکھ۔(19) اُس کے باپ نے نہ مانا اور کہا اَے میرے بیٹے ! مُجھے خُوب معلُوم ہے۔ اِس سے بھی ایک گروہ پَیدا ہوگی اور یہ بھی بُزرگ ہوگا۔ پر اِس کا چھوٹا بھائی اِس سے بہُت بڑا ہوگا اور اُس کی نسل سے بہت سی قَومیں ہوں گی۔(20) اور اُس نے اُن کو اُس دِن برکت بخشی اور کہا کہ اِسرائیلی تیرا نام لے کر یُوں دُعا دِیا کریں گے کہ خُدا تُجھ کو اِفرائیم اور مُنسّی کی مانِند اِقبال مند کرے ! سو اُس نے اِفرائیم کو مُنسّی پر فضِیلت دی۔(21) اور اِسرائیل نے یُوسُف سے کہا مَیں تو مرتا ہُوں لیکن خُدا تُمہارے ساتھ ہوگا اور تُم کو پھِر تُمہارے باپ دادا کے مُلک میں لے جائے گا۔(22) اور مَیں تُجھے تیرے بھائیوں سے زِیادہ ایک حِصہ جو مَیں نے اموریوں کے ہاتھ سے اپنی تلوار اور کمان سے لِیا دیتا ہُوں۔