کتاب پیدائش: باب نمبر 4

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدائش باب 4

(1) اور آدم اپنی بیوی کے پاس گیا اور وہ حامِلہ ہوئی اور اسکے قائِن پَیدا ہُؤا۔ تب اُس نے کہا مُجھے خُداوند سے ایک مرد مِلا۔(2) پھِر قائِن کا بھائی ہابل پَیدا ہُؤا اور ہابل بھیڑ بکریوں کا چرواہا اور کائِن کِسان تھا۔(3) چند روز کے بعد یُوں ہُؤا کہ قائِن اپنے کھیت کے پھل کا ہدیہ خُداوند کے واسطے لایا۔(4) اور ہابل بھی اپنی بھیڑ بکریوں کے کُچھ پہلوٹھے بچّوں کا اور کُچھ اُن کی چربی کا ہدیہ لایا اور خُداوند نے ہابل کو اور اُس کے ہدیہ کو منظور کِیا۔(5) پر قائِن کو اور اُس کے ہدیہ کو منظور نہ کِیا اِس لئے قائِن نہایت غضب ناک ہُؤا اور اُس کا مُنہ بِگڑا۔(6) اور خُداوند نے قائِن سے کہا تُو کیوں غضب ناک ہُؤا؟ تیرے مُنہ کیوں بگڑا ہُؤا ہے؟۔(7) اگر تُو بھلا کرے تو کیا مقبول نہ ہوگا؟ اور اگر تُو بھلا نہ کرے تو گُناہ دروازہ پر دبکا بَیٹھا ہے اور تیرا مُشتاق ہے پر تُو اُس پر غالِب آ۔(8) اور قائِن نے اپنے بھائی ہابل کو کُچھ کہا اور جب وہ دونوں کھیت میں تھے تو یُوں ہُؤا کہ قائِن نے اپنے بھائی ہابل پر حملہ کِیا اور اُسے قتل کر ڈالا۔(9) تب خُداوند نے قائِن سے کہا کہ تیرا بھآئی ہابل کہاں ہے؟ اُس نے کہاں مُجھے معلُوم نہیں۔ کیا میں اپنے بھائی کا مُحافِظ ہُوں؟۔(10) پھر اُس نے کہا کہ تُونے یہ کیا کِیا؟ تیرے بھائی کا خُون زمِین سے مُجھ کو پُکارتا ہے۔(11) اور اب تُو زمِین کی طرف سے لعنتی ہُؤا۔ جِس نے اپنا مُنہ پسارا کہ تیرے ہاتھ سے تیرے بھائی کا خُون لے۔(12) جب تُو زمِین کو جوتے گا تو وہ اب تجھے اپنی پَیداوار نہ دیگی اور زمِین پر تُو خانہ خراب اور آوارہ ہوگا۔(13) تب قائِن نے خُداوند سے کہا کہ میری سزا برداشت سے باہر ہے۔(14) دیکھ آج تُونے مُجھے رُویِ زمِین سے نِکال دِیا ہے اور مَیں تیرے حضور سے رُوپوش ہوجاؤنگا اور زمِین پر خانہ خراب اور آوارہ رہُونگا اور اَیسا ہوگا کہ جو کوئی مُجھے پائے گا قتل کر ڈالے گا۔(15) تب خُداوند نے اُسے کہا نہیں بلکہ جو قائِن کو قتل کرے اُس سے سات گُنا بدلہ لِیا جائے گا اور خُداوند نے قائِن کے لِئے ایک نشان ٹھہرایا کہ کوئی اُسے پاکر مار نہ ڈالے۔(16) سو قائِن خُداوند کے حضور سے نِکل گیا اور عدن کے مشرق کی طرف نُود کے علاقہ میں جا بسا۔(17) اور قائِن اپنی بیوی کے پاس گیا اور حامِلہ ہوئی اور اُس کے حنوک پَیدا ہُؤا اور اُس نے ایک شہر بسایا اور اُس کا نام اپنے بیٹے کے نام پر حنوک رکھّا۔(18) اور حنوک سے عیراد پَیدا ہُؤا اور عیراد سے محویاایل پَیدا ہُؤا اور محویاایل سے متوساایل پَیدا ہُؤا اور متوساایل سے لُمک پَیدا ہُؤا۔(19) اور لُمک دو عورتیں بیاہ لایا۔ ایک کا نام عدہ اور دُوسری کا نام ضِلّہ تھا۔(20) اور عدہ کے یابل پَیدا ہُؤا۔ وہ اُن کا باپ تَھا جو خیموں میں رہتے اور جانور پالتے ہیں۔(21) اور اُس کے بھائی کا نام یوبل تھا۔ وہ بِین اور بانسلی بجانے والوں کا باپ تھا۔(22) اور ضِلّہ کے بھی تو بلقائِن پَیدا ہُؤا جو پیتل اور لوہے کے سب تیز ہتھیاروں کا بنانے والا تھا اور نعمہ تو بلقائِن کی بہن تھی۔(23) اور لُمک نے بیویوں سے کہا کہ اَے عدہ اور ضِلّہ میری بات سُنو اَے لُمک کی بیویو میرے سخن پر کان لگاؤ۔ مَیں نے ایک مرد کو جِس نے مُجھے زخمی کِیا مار ڈالا اور لُمک جوان کو جِس نے میرے چوٹ لگائی قتل کر ڈالا۔(24) اگر قائِن کا بدلہ سات گُنا بسا لِیا جائے گا تو لُمک کا ستّر اور سات گُنا۔(25) اور آدم پھر اپنی بیوی کے پاس گیا اور اُس کے ایک اَور بَیٹا ہُؤا اور اُس کا نام سیت رکھّآ اور وہ کہنے لگی کہ خُدا نے ہابل کے عِوض جِس کو قائِن نے قتل کِیا مُجھے دُوسرا فرزند دِیا۔(26) اور سیت کے ہاں بھی ایک بَیٹا پَیدا ہُؤا جِس کا نام اُس نے انُوس رکھّا۔ اُس وقت سے لوگ یہوداہ کا نام لے کر دُعا کرنے لگے۔