کتاب پیدائش: باب نمبر 35

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدائش باب 35
(1) اور خُدا نے یعقُوب سے کہا کہ اُٹھ بیت ایل کو جا اور وہیں رہ اور وہاں خُدا کے لِئے جو تُجھے اُس وقت دِکھائی دِیا جب تُو اپنے عیسو کے پاس سے بھاگا جارہا تھا ایک مذبح بنا۔(2) تب یعقُوب نے اپنے گھرانے اور اپنے سب ساتھیوں سے کہا کہ بیگانہ دیوتاؤں کو جو تُمہارے درمیان ہیں دُور کرو اور طہارت کرکے اپنے کپڑے بدل ڈالو۔(3) اور آؤ ہم روانہ ہوں اور بیت ایل کو جائیں۔ وہاں مَیں خُدا کے لِئے جِس نے میری دُعا قبُول کی اور جس راہ میں مَیں چلا میرے ساتھ رہا مذبح بناؤنگا۔(4) تب اُنہوں نے سب بیگانہ دیوتاؤں کو جو اُن کے پاس تھے اور مُندوں کو جو اُن کے کانوں میں تھے یعقُوب کو دیدیا اور یعقُوب نے اُن کو اُس بلُوط کے درخت کے نِیچے جو سِکم کے نزدیک تھا دبا دِیا۔(5) اور اُنہوں نے کُوچ کِیا اور اُن کے آس پاس کے شہروں پر اَیسا بڑا خوف چھایا ہُؤا تھا کہ اُنہوں نے یعقُوب کے بیٹوں کا پیچھا نہ کِیا۔(6) اور یعقُوب اُن سب لوگوں سمیت جو اُس کے ساتھ تھے لُوز پہنچا۔ بیت ایل یہی ہے اور مُلکِ کنعان میں ہے۔(7) اور اُس نے وہاں مذبح بنایا اور اُس مقام کا نام بیت ایل رکھّا کِیُونکہ جب وہ اپنے بھائی کے پاس بھاگا جارہا تھا تُو خُدا وہیں اُس پر ظاہر ہُؤا تھا۔(8) اور رِبقہ کی دایہ دبورہ مرگئی اور وہ بیت ایل کی اُترائی میں بلُوط کے درخت کے نِیچے دفن ہُوئی اور اُس بلُوط کا نام الّون بکُوت رکھّا گیا۔(9) اور یعقُوب کے فدّان ارام سے آنے کے بعد خُدا اُسے پھِر دکھائی دِیا اور اُسے برکت بخشی۔(10) اور خُدا نے اُسے کہا کہ تیرا نام یعقُوب ہے۔ تیرا نام آگے کو یعقُوب نہ کہلائے گا بلکہ تیرا نام اِسرائیل ہوگا۔ سَو اُس نے اُس کا نام اِسرائیل رکھّا۔(11) پھِر خُدا نے اُسے کہا کہ مَیں خُدایِ قادِر مُطلق ہُوں۔ تُو برومند ہو اور بہت ہوجا۔ تُجھ سے ایک قوم بلکہ قَوموں کے جتھے پَیدا ہونگے اور بادشاہ تیرے صُلب سے نِکلیں گے۔(12) اور یہ مُلک جو مَیں نے ابرہام اور اِضحاق کو دِیا سو تُجھ کو دُونگا اور تیرے بعد تیری نسل کو بھی یہی مُلک دُونگا۔(13) اور خُدا جِس جگہ اُس سے ہمکلام ہُؤا وہیں سے اُس کے پاس سے اُوپر چلا گیا۔(14) تب یعقُوب نے اُس جگہ جہاں وہ اُس سے ہمکلام ہُؤا پتھّر کا ایک ستُون کھڑا کِیا اور اُس پر تپاون کِیا اور تیل ڈالا۔(15) اور یعقُوب نے اُس مقام کا نام جہاں خُدا اُس سے ہمکلام ہُؤا بیت ایل رکھّا۔(16) اور وہ بیت ایل سے چلے اور اِفرات تھوڑی ہی دُور رہ گیا تھا کہ راخِل کے دردِ زِہ لگا اور وضعِ حمل میں نہایت وِقّت ہُوئی۔(17) اور جب وہ سخت درد میں مُبتلہ تھی تو دائی نے اُس سے کہا کہ ڈر مت۔ اب کے بھی تیرا بَیٹا ہی ہوگا۔(18) اور یُوں ہُؤا کہ اُس نے مرتے مرتے اُس کا نام بِنؤُنی رکھّا اور مرگئی پر اُس کے باپ نے اُس کا نام بِینمین رکھّا۔(19) اور راخِل مرگئی اور افرات یعنی بیت لحم کے راستہ میں دفن ہُوئی۔(20) اور یعقُوب نے اُس کی قبر پر ایک ستُون کھڑا کردِیا۔ راخِل کی قبر کا یہ ستُون آج تک مَوجُود ہے۔(21) اور اِسرائیل آگے بڑھا اور عدر کے بُرج کی پرلی کی طرف اپنا ڈیرا لگایا۔(22) اور یہ اِسرائیل کے اُس مُلک میں رہتے ہُوئے یُوں ہُؤا کہ رُوبن نے جاکر اپنے باپ کی حرم بِلہاہ کی مباشرت کی اور اِسرائیل کو یہ معلُوم ہوگیا۔اُس وقت یعقُوب کے بارہ بیٹے تھے۔(23) لیاہ کے بیٹے یہ تھے۔ رُوبن یعقُوب کا پہلوٹھا اور شمعون اور لاوی اور یہوداہ اور اِشکار اور زبُولُون۔(24) اور راخِل کے بیٹے یُوسف اور بِینیمین تھے۔(25) اور راخِل کی لَونڈی بِلہاہ کے بیٹے دان اور نفتالی تھے۔(26) اور لیاہ کی لَونڈی زِلفہ کے بیٹے جِد اور آشر تھے۔ یہ سب یعقُوب کے بیٹے ہیں جو فدّان ارام میں پَیدا ہُوئے۔(27) اور یعقُوب ممرے میں جو قریت اربع یعنی حبرُون ہے جہاں ابرہام اور اِضحاق نے ڈیرا کِیا تھا اپنے باپ اِضحاق کے پاس آیا۔(28) اور اِضحاق ایک سَو اسَی برس کا ہُؤا۔(29) تب اِضحاق نے دم چھوڑ دِیا اور وفات پائی اور بُوڑھا اور پوری عُمر کا ہوکر اپنے لوگوں میں جا مِلا اور اُس کے بیٹے عیسو اور یعقُوب نے اُسے دفن کِیا۔