کتاب پیدائش: باب نمبر 28

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدائش باب 28
(1) تب اِضحاق نے یعقُوب کو اور اُسے دُعا دی اور اُسے تاکید کی تُو کنعانی لڑکیوں میں سے کِسی سے بیاہ نہ کرنا۔(2) تُو اُٹھ کر فِدآن ارام کو اپنے نانا بیتوایل کے گھر جا اور وہاں سے ماموں لابن کی بیٹیوں میں سے ایک کو بیاہ لا۔(3) اور قادرِ مُطلق خُدا تُجھے برکت بخشے اور تُجھے برومند کرے اور بڑھائے کہ تُجھ سے قَوموں کے جتھے پَیدا ہوں۔(4) اور وہ ابرہام کی برکت تُجھے اور تیرے ساتھ تیری نسل کو دے کہ تیری مسافرت کی یہ سر زمِین جو خُدا نے ابرہام کو دی تیری میراث ہو جائے۔(5) سو اِضحاق نے یعقُوب کو رُخصت کِیا اور فِدّان ارام میں لابن کے پاس جو ارامی بیتوایل کا بَیٹا اور یعقُوب اور عیسو کی ماں رِبقہ کا بھائی تھا گیا۔(6) پس جبب عیسو نے دیکھا کہ اِضحاق نے یعقُوب کو دُعا دے کر اُسے فِدان ارام کو بھیجا ہے تاکہ وہ وہاں سے بِیوی بیاہ کر لائے اور اُسے دُعا دیتے وقت یہ تاکید بھی کی ہے کہ تُو کنعانی لڑکیوں میں سے کِسی سے بیاہ نہ کرنا۔(7) اور یعقُوب اپنے ماں باپ کی بات مان کر فدّان ارام کو چلا گیا۔(8) اور عیسو نے یہ بھی دیکھا کہ کنعانی لڑکیاں اُس کے باپ اِضحاق کو بُری لگتی ہیں۔(9) تُو عیسو اِسمٰعیل کے پاس گیا اور مہلت کو جو اِسمٰعیل بن ابرہام کی بیٹی اور نبایوت کی بہن تھی بیاہ کر اُسے اپنی اَور بیویوں میں شامِل کِیا۔(10) اور یعقُوب بیرسبع سے نِکل کر حاران کی طرف چلا۔(11) اور ایک جگہ پُہنچ کر ساری رات وہیں رہا کِیُونکہ سُورج ڈُوب گیا تھا اور اُس نے اُس جگہ کے پتھّروں میں سے ایک اُٹھا کر اپنے سرہانے دھر لِِیا اور اُسی جگہ سونے کو لیٹ گیا۔(12) اور خواب میں کیا دیکھتا ہے کہ ایک سیڑھی زمِین پر کھڑی ہے اور اُس کا سِر آسمان تک پہنچا ہُؤا ہے اور خُدا کے فرشتے اُس پر سے چڑھتے اُترتے ہیں۔(13) اور خُداوند اُس کے اُوپر کھڑا کہہ رہا کہ مَیں خُداوند تیرے باپ ابرہام کا خُدا اور اِضحاق کا خُدا ہُوں مَیں یہ زمِین جس پر تُو لیٹا ہے تُجھے اور تیری نسل کو دُونگا۔(14) اور تیری نسل زمِین کی گرد کے ذرّوں کی مانِند ہوگی اور تُو مشرق اور مغرب اور شمال اور جنوب میں پھَیل جائے گا اور زمِین کے سب قبیلے تیرے اور تیری نسل کے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔(15) اور دیکھ مَیں تیرے ساتھ ہُوں اور ہر جگہ جہاں کہیں تُو جائے تیری حِفاظت کرُونگا اور تجھ کو اِس مُلک میں پھِر لاؤنگا اور جو مَیں نے تُجھ سے کہا ہے جب تک اُسے پُورا نہ کَرلُوں تُجھے نہیں چھوڑونگا۔(16) تب یعقُوب جاگ اُٹھا اور کہنے لگا کہ یقیناً خُداوند اِس جگہ ہے اور مُجھے معلُوم نہ تھا۔(17) اور اُس نے ڈر کر کہا یہ کَیسی بھیانک جگہ ہے! سو یہ خُدا کے گھر اور آسمان کے آستانہ کے سِوا اَور کُچھ نہ ہوگا۔(18) اور یعقُوب صبع سویرے اُٹھا اور اُس پتھّر کو جسے اُس نے اپنے سرہانے دھرا تھا لے کر سُتون کی طرح کھڑا کِیا اور اُس کے سِرے پر تیل ڈالا۔(19) اور اُس جگہ کا نام بیت ایل رکھّا لیکن پہلے اُس بستی کا نام لُوز تھا۔(20) اور یعقُوب نے مََنّت مانی اور کہا کہ اگر خُدا میرے ساتھ رہے اور جو سفر مَیں کر رہا ہُوں اِس میں میری حِفاظت کرے اور مُجھے کھانے کو روٹی اور پہننے کو کپڑا دیتا رہے۔(21) اور مَیں اپنے باپ کے گھر سلامت لَوٹ آؤں تو خُداوند میرا خُدا ہوگا۔(22) اور یہ پتھّر جو مَیں نے ستُوں سا کھڑا کِیا ہے خُدا کا گھر ہوگا اور جو کُچھ تُو مُجھے دے اُس کا دسواں حِصّہ ضرُور ہی تُجھے دِیا کرُونگا۔