Jump to content

کتاب پیدائش: باب نمبر 16

From Wikisource

پَیدائش باب 16
(1) اور ابرام کی بیوی سارَی کے کوئی اَولاد نہ ہوئی۔ اُس کی ایک مصری لَونڈی تھی جِس کا نام ہاجرہ تھا۔(2) اور سارَی نے ابرام سے کہا کہ دیکھ خُداوند نے مُجھے تو اَولاد سے محروم رکھا ہے سو تُو میری لَونڈی کے پاس جا شاید اُس سے میرا گھر آباد ہو اور ابرام نے سارَی کی بات مانی۔(3) اور ابرام کو مُلک کنعان میں رہتے دس برس ہوگئے تھے جب اُس کی بیوی سارَی نے اپنی مصری لَونڈی اُسے دی کہ اُس کی بیوی بنے۔(4) اور وہ ہاجرہ کے پاس گیا اور وہ حامِلہ ہوئی اور جب اُسے معلُوم ہُؤا کہ وہ حامِلہ ہوگئی تو اپنی بی بی کو حقیر جاننے لگی۔(5) تب سارَی نے ابرام سے کہا کہ جو ظُلم مجھ پر ہُؤا وہ تیری گردن پر ہے۔ میں نے اپنی لَونڈی تیرے آغوش میں دی اور اب جو اُس نے آپ کو حامِلہ دیکھا تو مَیں اُس کی نظروں میں حقیر ہوگئی۔ سو خُداوند میرے اور تیرے درمیان اِنصاف کرے۔(6) ابرام نے سارَی سے کہا کہ تیری لَونڈی تیرے ہاتھ میں ہے جو تجھے بھلا دِکھائی دے سو اُس کے ساتھ کر۔ تب سارَی اُس پر سختی کرنے لگی اور وہ اُس کے پاس سے بھاگ گئی۔(7) اور وہ خُداوند کے فرشتہ کو بیابان میں پانی کے ایک چشمہ کے پاس مِلی۔ یہ وہی چشمہ ہے جو شور کی راہ پر ہے۔(8) اور اُس نے کہا کہ اَے سارَی کی لَونڈی ہاجرہ تُو کہاں سے آئی اور کِدھر جاتی ہے؟ اُس نے کہا کہ مَیں اپنی بی بی سارَی کے پاس سے بھاگ آئی ہُوں۔(9) خُداوند کے فرشتہ نے اُس سے کہا کہ تُو اپنی بی بی کے پاس لَوٹ جا اور اپنے کو اُس کے قبضہ میں کردے۔(10) اور خُداوند کے فرشتہ نے اُس سے کہا کہ مَیں تیری اَولاد کو بہت بڑھاونگا یہاں تک کہ کثرت کے سبب سے اُس کا شمار نہ ہوسکے گا۔(11) اور خُداوند کے فرشتہ نے اُس سے کہا کہ تُو حامِلہ ہے اور تیرے بَیٹا ہوگا۔ اُس کا نام اِسمٰعیل رکھنا اِس لِئے کہ خُداوند نے تیرا دُکھ سُن لِیا۔(12) وہ گورخر کی طرح آزاد مرہ ہوگا۔ اُس کا ہاتھ سب کے خِلاف اور سب کے ہاتھ اُس کے خِلاف ہونگے اور وہ اپنے سب بھائیوں کے سامنے بسا رہے گا۔(13) اور ہاجرہ نے خُداوند کا جِس نے اُس سے باتیں کِیں اتاایل روئی نام رکھّا یعنی اَے خُدا تُو بصیر ہے کِیُونکہ اُس نے کہا کیا مَیں نے یہاں بھی اپنے دیکھنے والے کو جاتے دیکھا؟۔(14) اِسی سبب سے اُس کُوئیں کا نام بیرلحی روئی پڑگیا۔ وہ قادِس اور برِد کے درمیان ہے۔(15) اور ابرام سے ہاجرہ کے ایک بَیٹا ہُؤا اور ابرام نے اپنے اُس بیٹے کا نام جو ہاجرہ سے پَیدا ہُؤا اِسمٰعیل رکھّا۔(16) اور جب ابرام سے حاجرہ کے اِسمٰعیل پَیدا ہُؤا تب ابرام چھیاسی برس کا تھا۔