کتاب پیدائش: باب نمبر 13

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدایش باب 13
(1) اور ابرام مصر سے اپنی بیوی اور اپنے سب مال اور لُوط کو ساتھ لے کر کنعان کے جنوب کی طرف چلا۔(2) اور ابرام کے پاس چَوپائے اور سونا چاندی بکثرت تھا۔(3) اور وہ کنعان کے جنوب سے سفر کرتا ہُؤا بیت ایل میں اُس جگہ پہنچا جہاں پہلے بیت ایل اور عَی کے درمیان اُس کا ڈیرا تھا۔(4) یعنی وہ مقام جہاں اُس نے شروع میں قربان گاہ بنائی تھی اور وہاں ابرام نے خُداوند سے دُعا کی۔(5) اور لُوط کے پاس بھی جو ابرام کا ہم سفر تھا بھیڑ بکریاں گائے بَیل اور ڈیرے تھے۔(6) اور اُس مُلک میں اِتنی گنجایش نہ تھی کہ وہ اِکھٹّے رہیں کِیُونکہ اُن کے پاس اِتنا مال تھا کہ وہ اِکھٹے نہیں رہ سکتے تھے۔(7) اور ابرام کے چرواہوں اور لُوط کے چرواہوں میں جھگڑا ہُؤا اور کنعانی اور فرزّی اُس وقت مُلک میں رہتے تھے۔(8) تب ابرام نے لُوط سے کہا کہ میرے اور تیرے درمیان اور میرے چرواہوں اور تیرے چرواہوں کے درمیان جھگڑا نہ ہُؤا کرے کِیُونکہ ہم بھائی ہیں۔(9) یہ سارا مُلک تیرے سامنے نہیں؟ سو تُو مُجھ سے الگ ہوجا۔ اگر تُو بائیں جائے تو مَیں دہنے جاؤنگا اور اگر تُو دہنے جائے تو مَیں بائیں جاؤنگا۔(10) تب لُوط نے آنکھ اُٹھا کر یردن کی ساری ترائی پر جو ضُغر کی طرف ہے نظر دَوڑائی کِیُونکہ وہ اِس سے پیشتر کہ خُداوند نے سدوم اور عمورہ کو تباہ کِیا خُداوند کے باغ اور مصر کے مُلک کی مانند خوب سیراب تھی۔(11) سو لُوط نے یردن کی ساری ترائی کو اپنے لِئے چُن لِیا اور وہ مشرق کی طرف چلا اور وہ ایک دُوسرے سے جُدا ہوگئے۔(12) ابرام تو مُلک کنعان میں رہا اور لُوط نے ترائی کے شہروں میں سِکونت اِختیار کی اور سدوم کی طرف اپنا ڈیرا لگایا۔(13) اور سدوم کے لوگ خُداوند کی نظر میں نہایت بدکار اور گنہگار تھے۔(14) اور لُوط کے جُدا ہوجانے کے بعد خُداوند نے ابرام سے کہا کہ اپنی آنکھ اُٹھا اور جِس جگہ تُو ہے وہاں سے شِمال اور جنوب اور مشرق اور مغرب کی طرف نظر دَوڑا۔(15) کِیُونکہ یہ تمام مُلک جو تُو دیکھ رہا ہے مَیں تجھ کو اور تیری نسل کو ہمیشہ کے لِئے دُونگا۔(16) اور مَیں تیری نسل کو خاک کے ذرّوں کی مانند بناؤنگا اَیسا کہ اگر کوئی شخص خاک کے ذرّوں کو گِن سکے تو تیری نسل بھی گِن لی جائے گی۔(17) اُٹھ اور اِس مُلک کے طُول و عرض میں سَیر کر کِیُونکہ مَیں اِسے تجھ کو دُونگا۔(18) اور ابرام نے اپنا ڈیرا اُٹھآیا اور ممرے کے بلُوطوں میں جو حبرون میں ہیں جاکر رہنے لگا اور وہاں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائی۔