کتاب پیدائش: باب نمبر 12

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدائش باب 12
(1) اور خُداوند نے ابرام سے کہا کہ بیچ سے اور اپنے باپ کے گھر سے نِکل کر اُس مُلک میں جا جو مَیں تجھے دِکھاؤنگا۔(2) اور مَیں تجھے ایک بڑی قَوم بناؤنگا اور برکت دُونگا اور تیرا نام سرفراز کرونگا۔ سو تُو باعثِ برکت ہوا۔(3) جو تجھے مبارک کہیں اُن کو مَیں برکت دُونگا اور جو تجھ پر لعنت کرے اُس پر لعنت کرونگا اور زمِین کے سب قبیلے تیرے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔(4) سو ابرام خُداوند کے کہنے کے مُطابق چل پڑا اور لُوط اُس کے ساتھ گیا اور ابرام پچھتّر برس کا تھا جب وہ حاران سے روانہ ہُؤا۔(5) اور ابرام نے اپنی بیوی سارَی اور اپنے بھتیجے لُوط کو اور سب مال کو جو اُنہوں نے جمع کِیا تھا اور اُن آدمیوں کو جو اُن کو حاران میں مِل گئے تھے ساتھ لِیا اور مُلکِ کنعان کو روانہ ہُوئے اور مُلکِ کنعان میں آئے۔(6) اور ابرام اُس مُلک میں سے گُذرتا ہُُُُُُُُئوا مقام سِکم میں مورہ کے بلوط تک پُہنچا۔ اُس وقت مُلک میں کنعانی رہتے تھے۔(7) تب خُداوند نے ابرام کو دِکھائی دیکر کہا کہ یہی مُلک مَیں تیری نسل کو دُونگا اور اُس نے وہاں خُداوند کے لِئے جو اُسے دِکھائی دِیا تھا ایک قُربان بنائی۔(8) اور وہاں سے کُوچ کرکے اُس پہاڑ کی طرف گیا جو بیت ایل کے مشرق میں ہے اور اپنا ڈیرا اَیسے لگایا کہ بیت ایل مغرب میں اورعَی مشرق میں پڑا اور وہاں اُس نے خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائی اور خُداوند سے دُعا کی۔(9) اور برام سفر کرتا کرتا جنوب کی طرف بڑھ گیا۔(10) اور اُس مُلک میں کال پڑا اور ابرام مصر کو گیا کہ وہاں ٹِکا رہے کِیُونکہ مُلک میں سخت کال تھا۔(11) اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ مصر میں داخِل ہونے کو تھا تو اُس نے اپنی بیوی سارَی سے کہا کہ دیکھ مَیں جانتا ہوں کہ دیکھ مَیں جانتا ہوں کہ تُو دیکھنے میں خُوبصورت عورت ہے۔(12) اور یُوں ہوگا کہ مصری تجھے دیکھ کر کہیں گے کہ یہ اُس کی بیوی ہے۔ سو وہ مجھے تو مار ڈالیں گے مگر تجھے زندہ رکھ لیں گے۔(13) سو تُو یہ کہہ دینا کہ مَیں اِس کی بہن ہوں تاکہ تیرے سبب سے میری خیر ہو اور میری جان تیری بدولت بچی رہے۔(14) اور یُوں ہُؤا کہ جب ابرام مصر میں آیا تو مصریوں نے اُس عورت کو دیکھا کہ وہ نہایت خوبصورت ہے۔(15) اور فرعون کے اُمرانے اُسے دیکھ کر فرعون کے حضور میں اُس کی تعریف کی اور وہ عورت فرعون کے گھر میں پہنچائی گئی۔(16) اور اُس نے اُس کی خاطر ابرام پر اِحسان کِیا اور بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل اور گدھے اور غلام اور لَونڈیاں اور گدھیاں اور اُنٹ اُس کے پاس ہوگئے۔(17) پر خُداوند نے فرعون اور اُس کے خاندان پر ابرام کی بیوی سارَی کے سبب سے بڑی بڑی بلائیں نازِل کِیں۔(18) تب فرعون نے ابرام کو بُلاکر اُس سے کہا کہ تُونے مجھ سے یہ کیا کِیا؟ تُونے مُجھے کیوں نہ بتایا کہ یہ تیری بیوی ہے؟۔(19) تُونے یہ کیوں کہا کہ وہ میری بہن ہے؟ اِسی لِئے مَیں نے اُسے لِیا کہ وہ میری بیوی بنے۔ سو دیکھ تیری بیوی حاضر ہے۔ اُس کو لے اور چلا جا۔(20) اور فرعون نے اُس کے حق میں اپنے آدمیوں کو ہدایت کی اور اُنہوں نے اُسے اور اُس کی بیوی کو اُس کے سب مال کے ساتھ روانہ کردیا۔