Jump to content

پہلو کو ترے عشق میں ویراں نہیں دیکھا

From Wikisource
پہلو کو ترے عشق میں ویراں نہیں دیکھا
by جمیلہ خدا بخش
317409پہلو کو ترے عشق میں ویراں نہیں دیکھاجمیلہ خدا بخش

پہلو کو ترے عشق میں ویراں نہیں دیکھا
اس دل کو کبھی خالی از ارماں نہیں دیکھا

صورت کو مری دیکھ کے حیرت ہے تمہیں کیا
تم نے تو مرا حال پریشاں نہیں دیکھا

موسیٰ ہوئے بے ہوش تجلئ لقا سے
طالب تھے مگر جلوۂ جاناں نہیں دیکھا

روتے ہیں گناہوں پہ وہی جن میں ہے ایماں
کافر کو کبھی ہم نے پشیماں نہیں دیکھا

دیکھا جو مرا داغ جگر ہنس کے وہ بولے
ایسا تو چراغ تہ داماں نہیں دیکھا

اے درد جگر چین ذرا لینے دے مجھ کو
تجھ سا بھی کوئی جان کا خواہاں نہیں دیکھا

سر کٹ کے گرا شوق سے قاتل کے قدم پر
ایسا بھی کوئی بندۂ احساں نہیں دیکھا

رونے پہ مری تم کو تحیر یہ عبث ہے
کیا تم نے کبھی ابر کو گریاں نہیں دیکھا

دیکھی ہے بہت آپ نے آئینہ کی حیرت
عاشق کا مگر دیدۂ حیراں نہیں دیکھا

سرگشتہ وہ صحرائے مصیبت میں نہ ہوگا
جس نے تری زلفوں کو پریشاں نہیں دیکھا

پوچھا جو جمیلہؔ سے تو وہ مجھ سے یہ بولے
دل سا تو کوئی دوسرا ایواں نہیں دیکھا


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.