پھل ہے اس بت کی آشنائی کا
Appearance
پھل ہے اس بت کی آشنائی کا
مجھ کو دعویٰ ہے اب خدائی کا
نہ لڑاؤ نظر رقیبوں سے
کام اچھا نہیں لڑائی کا
آسماں پر نہیں ہلال نمود
نعل ہے تیری زیر پائی کا
گل میں تھی اس قدر کہاں سرخی
عکس ہے پنجۂ حنائی کا
کس ستم گر سے تو نے اے کافر
طرز سیکھا ہے دل ربائی کا
چادر آسمان حاضر ہو
تو جو استر کرے رضائی کا
وقت کیا آ گیا ہے صد افسوس
بھائی دشمن ہوا ہے بھائی کا
گو برہمن پسر وہ قاتل ہے
دل ملا ہے مگر قصائی کا
کچھ مرا ہی نہیں وہ بت معبود
بخدا ہے خدا خدائی کا
سحرؔ کیا اس نے کر دیا جادو
مجھ کو دعویٰ تھا پارسائی کا
This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |