پوچھا نہ جائے گا جو وطن سے نکل گیا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
پوچھا نہ جائے گا جو وطن سے نکل گیا
by امیر مینائی

پوچھا نہ جائے گا جو وطن سے نکل گیا
بیکار ہے جو دانت دہن سے نکل گیا

ٹھہریں کبھی کجوں میں نہ دم بھر بھی راست رو
آیا کماں میں تیر تو سن سے نکل گیا

خلعت پہن کے آنے کی تھی گھر میں آرزو
یہ حوصلہ بھی گور و کفن سے نکل گیا

پہلو میں میرے دل کو نہ اے درد کر تلاش
مدت ہوئی غریب وطن سے نکل گیا

مرغان باغ تم کو مبارک ہو سیر گل
کانٹا تھا ایک میں سو چمن سے نکل گیا

کیا رنگ تیری زلف کی بو نے اڑا دیا
کافور ہو کے مشک ختن سے نکل گیا

پیاسا ہوں اس قدر کہ مرا دل جو گر پڑا
پانی ابل کے چاہ ذقن سے نکل گیا

سارا جہان نام کے پیچھے تباہ ہے
انسان کیا عقیق یمن سے نکل گیا

کانٹوں نے بھی نہ دامن گلچیں پکڑ لیا
بلبل کو ذبح کر کے چمن سے نکل گیا

کیا شوق تھا جو یاد سگ یار نے کیا
ہر استخواں تڑپ کے بدن سے نکل گیا

اے سبزہ رنگ خط بھی بنا اب تو بوسہ دے
بیگانہ تھا جو سبزہ چمن سے نکل گیا

منظور عشق کو جو ہوا اوج حسن پر
قمری کا نالہ سرو چمن سے نکل گیا

مد نظر رہی ہمیں ایسی رضائے دوست
کاٹی زباں جو شکوہ دہن سے نکل گیا

طاؤس نے دکھائے جو اپنے بدن کے داغ
روتا ہوا سحاب چمن سے نکل گیا

صحرا میں جب ہوئی مجھے خوش چشموں کی تلاش
کوسوں میں آہوان ختن سے نکل گیا

خنجر کھنچا جو میان سے چمکا میان صف
جوہر کھلے جو مرد وطن سے نکل گیا

میں شعر پڑھ کے بزم سے کیا اٹھ گیا امیرؔ
بلبل چہک کے صحن چمن سے نکل گیا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse