نہ بیم غم ہے نے شادی کی ہم امید کرتے ہیں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
نہ بیم غم ہے نے شادی کی ہم امید کرتے ہیں
by قائم چاندپوری

نہ بیم غم ہے نے شادی کی ہم امید کرتے ہیں
قلندر ہیں جو پیش آ جائے سب کچھ دید کرتے ہیں

کہاں کا غرۂ شوال کیسا عشرہ ذی حجہ
ہمیں ہاتھ آئے مے جس دن ہم اس دن عید کرتے ہیں

مزاج خس ہے اہل عشق کا جلنے کے عالم میں
جلاتا ہے جو ان کو اس کی یہ تائید کرتے ہیں

ارادہ تو نہ تھا اپنا بھی جانے کا ترے گھر سے
پہ کیا کیجے کہ بخت واژگوں تاکید کرتے ہیں

یہ کاسہ سر تلے رکھے جو مے خانوں میں سوتے ہیں
جسے چاہیں اسے اک جام میں جمشید کرتے ہیں

جنہیں کچھ سلسلے میں عشق کے تحقیق حاصل ہے
وہ کب مجنوں سے ہر گمراہ کی تقلید کرتے ہیں

نہ جانے کہئے کس قالب میں قائمؔ درد دل اس سے
نہیں بنتی زباں سے دل میں جو تمہید کرتے ہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.