نہیں کوئی دوست اپنا یار اپنا مہرباں اپنا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
نہیں کوئی دوست اپنا یار اپنا مہرباں اپنا
by تاباں عبد الحی
302666نہیں کوئی دوست اپنا یار اپنا مہرباں اپناتاباں عبد الحی

نہ کوئی دوست اپنا یار اپنا مہرباں اپنا
سناؤں کس کو غم اپنا الم اپنا فغاں اپنا

نہ طاقت ہے اشارے کی نہ کہنے کی نہ سننے کی
کہوں کیا میں سنوں کیا میں بتاؤں کیا بیاں اپنا

نپٹ رکھتا ہے جی میرا خفا ہوں ناک میں دم ہے
نہ گھر بھاتا ہے نے صحرا کہاں کیجے مکاں اپنا

ہوا ہوں گم میں لشکر میں پری رویاں کے ہے ظالم
کہاں ڈھونڈوں کسے پوچھوں نہیں پاتا نشاں اپنا

بہت چاہا کہ آوے یار یا اس دل کو صبر آوے
نہ یار آیا نہ صبر آیا دیا میں جی نداں اپنا

قفس میں بند ہیں یہ عندلیبیں سخت بے بس ہیں
نہ گلشن دیکھ سکتی ہیں نہ اب وے آشیاں اپنا

مجھے آتا ہے رونا ایسی تنہائی پہ اے تاباںؔ
نہ یار اپنا نہ دل اپنا نہ تن اپنا نہ جاں اپنا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse