نظر سے صفحۂ عالم پہ خونیں داستاں لکھیے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
نظر سے صفحۂ عالم پہ خونیں داستاں لکھیے
by اختر انصاری اکبرآبادی

نظر سے صفحۂ عالم پہ خونیں داستاں لکھیے
قلم سے کیا حکایات زمین و آسماں لکھیے

مٹا دے جو فضا کی تیرگی ماحول کی پستی
کوئی ایسا بھی شعر اے شاعران خوش بیاں لکھیے

بپا ہیں ہر جہت میں آتش و آہن کے ہنگامے
کہاں اس دور میں جور و جفائے مہوشاں لکھیے

خطر ہائے رہ مجنوں کا قصہ کیوں بیاں کیجیے
نظر کو ناقۂ لیلیٰ خرد کو سارباں لکھیے

یہی ہیں یادگار غنچہ و گل اس زمانے میں
انہیں سوکھے ہوئے کانٹوں سے ذکر گلستاں لکھیے

بیاں کرنے کو ہے طرز تپاک دوستاں کافی
اب اس دنیا میں کیا رنگ غرور دشمناں لکھیے

روایات کہن میں دل کشی باقی نہیں اخترؔ
نئے انداز سے تاریخ شہر گل رخاں لکھیے

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse