نام سے تیرے جو روشن مطلع دیواں ہوا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
نام سے تیرے جو روشن مطلع دیواں ہوا  (1929) 
by رادھے شیام رستوگی احقر

نام سے تیرے جو روشن مطلع دیواں ہوا
ہر ورق خورشید کے مانند نور افشاں ہوا

تیری ہی قدرت سے پیدا ہے زمین و آسماں
خاک کا پتلا تجلی سے تری انساں ہوا

تیرے ابر فیض سے تازہ ہے باغ کائنات
کیا گل عالم نسیم فضل سے خنداں ہوا

قدر رکھتا ہے سلیماں سے زیادہ مور بھی
جو گدا دروازے کا تیرے ہوا سلطاں ہوا

یاد سے تیری دل ناشاد اپنا شاد ہے
ذکر تیرا میرے درد فکر کا درماں ہوا

سر بلندی میں بھی مجھ کو فخر کی دولت ملی
اللہ اللہ کس قدر مجھ پر ترا احساں ہوا

حلقۂ صاحب دلاں میں تیرا احقرؔ نام ہے
یہ سمجھ لے چاک تیرا نامۂ عصیاں ہوا

This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries).

Public domainPublic domainfalsefalse