موسیٰ ہیں ہمیں جلوۂ دیدار ہمیں ہیں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
موسیٰ ہیں ہمیں جلوۂ دیدار ہمیں ہیں
by شاہ اکبر داناپوری

موسیٰ ہیں ہمیں جلوۂ دیدار ہمیں ہیں
ہیں طور ہمیں نور ہمیں نار ہمیں ہیں

منصور ہمیں ہیں سخن یار ہمیں ہیں
قاضی ہیں ہمیں شرع ہمیں دار ہمیں ہیں

کافر جسے کہتے ہیں ہمیں سے ہے اشارہ
مومن ہے غرض جس سے وہ دیدا ہمیں ہیں

فردوس اگر ہے تو ہمارے ہی لئے ہے
دوزخ کے اگر ہیں تو سزاوار ہمیں ہیں

ہیں داد و ستد دونوں یہ بندے ہی کی شانیں
بایع ہیں ہمیں اور خریدار ہمیں ہیں

مر جانے سے جو ہجر میں خوش ہے وہ ہمیں ہیں
جینے سے جو فرقت میں ہے بیزار ہمیں ہیں

قاصد ہیں ہمیں اور ہمیں کاتب نامہ
دل دار ہمیں نامۂ دل دار ہمیں ہیں

ناسوت جو مسکن ہے تو لاہوت گھر اپنا
خلوت میں ہمیں برسر بازار ہمیں ہیں

مشاطہ ہمیں اور ہمیں شانہ و گیسو
آئینہ ہمیں عکس رخ یار ہمیں ہیں

کہتے ہیں جسے کفر وہ اک شان ہے اپنی
اسلام جسے کہتے ہیں ابرار ہمیں ہیں

ناقوس کی آواز ہماری ہی صدا ہے
تکبیر کے الفاظ میں ہر بار ہمیں ہیں

دریا میں ہمیں اور ہمیں موج و صدف ہیں
قطرہ ہیں ہمیں گوہر شہوار ہمیں ہیں

اکبرؔ جو ہے مسجود دو عالم وہ وہی ہے
سجدے کے اگر ہیں تو سزاوار ہمیں ہیں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse