موت مانگوں تو رہے آرزو خواب مجھے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
موت مانگوں تو رہے آرزو خواب مجھے
by حیدر علی آتش

موت مانگوں تو رہے آرزوئے خواب مجھے
ڈوبنے جاؤں تو دریا ملے پایاب مجھے

میری ایذا کے لئے مردے میں جان آتی ہے
کاٹنے دوڑتی ہے ماہیٔ بے آب مجھے

دہن گرگ سے جیتا جو بچوں صحرا میں
ذبح کرنے کے لیے مول لے قصاب مجھے

ہوں تصور میں صفائے بدن یار کے غرق
حلقۂ ناف ہوا حلقۂ گرداب مجھے

مردم دیدۂ قربانی ہوں میں دیوانہ
آئے دروازہ کھلے بن نہ کبھی خواب مجھے

اے فلک رہنے دے عریاں ہی پس از مرگ بھی تو
سونپتا کیا ہے کفن دزد کا اسباب مجھے

نہیں رکھتے ہیں امیری کی ہوس مرد فقیر
شیر کی کھال ہی ہے قاقم و سنجاب مجھے

جوش سے اشکوں کے پھر جائے گا سر پر پانی
کھینچ لے جائے گا دریا میں یہ سیلاب مجھے

دیر و کعبہ میں ان آنکھوں سے نہیں حلقۂ در
کوئی ابرو سے دکھاتا نہیں محراب مجھے

فرقت یار میں کرتی ہے قیامت برپا
روز محشر سے نہیں کم شب مہتاب مجھے

مرض عشق سے بچ جاؤں جو تم دلوا دو
صدقہ اپنے لب جاں بخش کا عناب مجھے

چین لینے نہ دیا درد جدائی نے کبھی
کب میں سویا کہ جگایا نہیں بد خواب مجھے

نہیں بھولا ہے جنوں میں وہ حواس اڑ جانا
یاد ہے برہمیٔ صحبت احباب مجھے

نام کو میرے بھی احباب میں اپنے لکھے
ذرہ سمجھا رہے وہ مہر جہاں تاب مجھے

دل غنی چاہئے گو ہوں میں فقیر اے آتشؔ
شیر کی کھال ہی ہے قاقم و سنجاب مجھے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse