مری ہستی فضاۓ حیرت آباد تمنا ہے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
مری ہستی فضاۓ حیرت آباد تمنا ہے
by مرزا غالب

مری ہستی فضاۓ حیرت آباد تمنا ہے
جسے کہتے ہیں نالہ وہ اسی عالم کا عنقا ہے

خزاں کیا فصل گل کہتے ہیں کس کو کوئی موسم ہو
وہی ہم ہیں قفس ہے اور ماتم بال و پر کا ہے

وفاۓ دلبراں ہے اتفاقی ورنہ اے ہمدم
اثر فریاد دل ‌ہاۓ حزیں کا کس نے دیکھا ہے

نہ لائی شوخی اندیشہ تاب رنج نومیدی
کف افسوس ملنا عہد تجدید تمنا ہے

نہ سووے آبلوں میں گر سرشک دیدۂ نم سے
بہ جولاں گاۂ نومیدی نگاۂ عاجزاں پا ہے

بہ سختی ہاۓ قید زندگی معلوم آزادی
شرر بھی صید دام رشتۂ رگ‌ ہاۓ خارا ہے

تغافل مشربی سے ناتمامی بسکہ پیدا ہے
نگاہ ناز چشم یار میں زنار مینا ہے

تصرف وحشیوں میں ہے تصور ہاۓ مجنوں کا
سواد چشم آہو عکس خال روئے لیلا ہے

محبت طرز پیوند نہال دوستی جانے
دویدن ریشہ ساں مفت رگ خواب زلیخا ہے

کیا یک سر گداز دل نیاز جوشش حسرت
سویدا نسخۂ تہ بندی داغ تمنا ہے

ہجوم ریزش خوں کے سبب رنگ اڑ نہیں سکتا
حناۓ پنجۂ صیاد مرغ رشتہ بر پا ہے

اثر سوز محبت کا قیامت بے محابا ہے
کہ رگ سے سنگ میں تخم شرر کا ریشہ پیدا ہے

نہاں ہے گوہر مقصود جیب خود شناسی میں
کہ یاں غواص ہے تمثال اور آئینہ دریا ہے

عزیزو ذکر وصل غیر سے مجھ کو نہ بہلاؤ
کہ یاں افسون خواب افسانۂ خواب زلیخا ہے

تصور بہر تسکین تپیدن ہاۓ طفل دل
بہ باغ رنگ ‌ہاۓ رفتہ گل چین تماشا ہے

بہ سعی غیر ہے قطع لباس خانہ ویرانی
کہ ناز جادۂ رہ رشتۂ دامان صحرا ہے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse