قومی گیت

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
قومی گیت
by آرزو لکھنوی

اے ماں اے ماں تجھ کو سلام بھارت ماتا کو پرنام

تو تو کیسی پیاری ماں ہے
سب ماؤں سے اچھی ماں ہے

لاڈ اٹھانے والی ماں ہے
اپنی ماں ہے اپنی ماں ہے

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

تیری مانگ میں گنگا جل ہے
بھرا پرا تیرا آنچل ہے

ہریالی ہے پھول ہے پھل ہے
تیری گود سکھ منڈل ہے

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

سب سے اونچے پربت والی
سب سے بڑھ کر شوکت والی

سب سے بھاری دولت والی
عزت والی عظمت والی

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

تیری چھاتی دھرم سمندر
جس کی موجیں مسجد مندر

دونوں کی ہے گونج برابر
اللہ اللہ ایشور ایشور

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

ہندو مسلم گورے کالے
پریم کی دارو کے متوالے

سب ہیں تیری گود کے پالے
سب ہیں بات پہ مرنے والے

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

تیرے دودھ کی سب میں طاقت
الفت عزت ہمت جرأت

تیری دعائیں فتح و نصرت
تیرے پاؤں کے نیچے جنت

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

اب تو لٹیرے تجھ کو لوٹیں
بے بھگتے بھگتان نہ چھوٹیں

ہاتھ میں دھن ہو بازو ٹوٹیں
گھور کے دیکھیں آنکھیں پھوٹیں

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام

تجھ سے آشیرباد جو پائیں
آرزو ایسے بھی تن جائیں

بجلی بن کر آفت ڈھائیں
دور ہوں پھر تو ساری بلائیں

ماتا کو پرنام اے ماں اے ماں تجھ کو سلام
اے ماں اے ماں تجھ کو سلام بھارت ماتا کو پرنام

This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.

Public domainPublic domainfalsefalse