قاصد ترے بار بار آئے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
قاصد ترے بار بار آئے
by سخی لکھنوی

قاصد ترے بار بار آئے
ایک ہفتہ میں تین چار آئے

قاتل پہ جو سر کو وار آئے
بار تن زار اتار آئے

آشفتگی ہو نصیب دشمن
تم زلف نہ کیوں سنوار آئے

اب کی جو نہ چھوٹے فصل گل میں
پھر دیکھیے کب بہار آئے

دل میں نہیں اس کی کچھ کدورت
آئینہ پہ کیا غبار آئے

جھولی رہی اپنی گل سے خالی
دامن میں الجھ کے خار آئے

گل کھانا مرا تپ الم سے
بلبل جو سنے بخار آئے

آیا جو سخیؔ مۂ محرم
ہم بزم میں اشک بار آئے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse