فریاد کی کوئی لے نہیں ہے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
فریاد کی کوئی لے نہیں ہے
by مرزا غالب

فریاد کی کوئی لَے نہیں ہے
نالہ پابندِ نَے نہیں ہے

کیوں بوتے ہیں باغباں تونبے؟
گر باغ گدائے مَے نہیں ہے

ہر چند ہر ایک شے میں تُو ہے
پَر تُجھ سی کوئی شے نہیں ہے

ہاں، کھائیو مت فریبِ ہستی!
ہر چند کہیں کہ “ہے”، نہیں ہے

شادی سے گُذر کہ، غم نہ ہووے
اُردی جو نہ ہو، تو دَے نہیں ہے

کیوں ردِ قدح کرے ہے زاہد!
مَے ہے یہ مگس کی قَے نہیں ہے

انجا، شمارِ غم نہ پوچھو
یہ مصرفِ تا بکَے نہیں ہے

جس دل میں کہ “تا بکَے” سما جائے
واں عزّتِ تختِ کَے نہیں ہے

ہستی ہے، نہ کچھ عَدم ہے، غالبؔ!
آخر تُو کیا ہے، ”اَے نہیں ہے؟”

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse