Jump to content

غالبؔ

From Wikisource
318100غالبؔچندر بھان کیفی دہلوی

غالبؔ تیرا کلام نوائے سروش ہے
الہام غیب و نغمۂ ساز خموش ہے

ایسا بھرا ہوا ہے غزل میں سنگار رس
اک جنت سماع ہے فردوس گوش ہے

آساں نہیں جمال معانی کا دیکھنا
ہر شاہد خیال ترا پردہ پوش ہے

جو بات ہے وہ شوخئ گلدستۂ چمن
جو لفظ ہے بہار کف گل فروش ہے

موج رواں ہیں مصرعہ بے ساختہ ترے
بحر سخن میں بحر محبت کا جوش ہے

ان موتیوں کی قدر ہے شاہوں کے تاج میں
پرکھے نظر سے ان کو جو گوہر فروش ہے

کیف سخن سے مست ہوں تیری غزل سنیں
اس بزم میں جنہیں ہوس ناؤ نوش ہے

تو نے چمن چمن میں شگوفے کھلا دیے
فطرت ترے کلام کی گلشن بہ دوش ہے

افسوں طرازیاں تری منہ کی لتی رہیں
گل کی زبان بند ہے غنچہ خموش ہے

بالا تیرا مقام دنیائے شعر میں
عرفیؔ بھی ایک بندۂ حلقہ بگوش ہے

دنیا ترے خیال میں ہے چشمۂ سراب
رنگینئ نشاط و طرب خواب دوش ہے

تیری نظر میں شاہد و مشہود ایک ہیں
دنیائے بیخودی تجھے دنیائے ہوش ہے

دانہ تری نگاہ میں تھا خرمن مراد
تجھ کو خبر تھی قطرے میں دریا کا جوش ہے

دیر و حرم پہ بھی نہیں یہ راز منکشف
حرف ازل ہے کون جو معنیٰ فروش ہے

افسردہ داغ سے ہے ترے محفل ادب
نے وہ سرور و سوز نہ جوش و خروش ہے

کتنی ترے مزار پہ چھائی ہے بیکسی
اک شمع اشک ریز تھی وہ بھی خموش ہے

چھلکی جو تھی کبھی ترے رنگیں ایاغ سے
کیفیؔ اسی شراب کا اک جرعہ نوش ہے


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.