شوق دربار میں ملتے رہے دربانوں سے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
شوق دربار میں ملتے رہے دربانوں سے
by صفی اورنگ آبادی

شوق دربار میں ملتے رہے دربانوں سے
ہم نے آنکھوں سے نہ دیکھا جو سنا کانوں سے

طلب مہر تھی ظاہر مرے ارمانوں سے
کہہ گیا ایک ہی قصہ کئی عنوانوں سے

بزم کی شان گھٹی چاک گریبانوں سے
جانے بھی دیجے خطا ہو گئی نادانوں سے

محو دیدار ہوئے ہم تو کسی کی نہ سنی
نور آنکھوں میں جو آیا تو گئے کانوں سے

ان کے آنے کی خبر آئی الٰہی آمین
کاش آنکھوں سے بھی دیکھوں جو سنا کانوں سے

قیس و فرہاد کی تقلید ہے آشفتہ سری
عاشقی عام ہوئی ایسے ہی نادانوں سے

میں سمجھتا ہوں مجھے آپ نے مہمان کیا
کیوں تعارف نہ کرایا گیا مہمانوں سے

صاحب پہچان لئے جاتے ہیں ان کے عاشق
آرزؤں سے تمناؤں سے ارمانوں سے

کہیں خودداروں کی وحشت کا پتہ چلتا ہے
آستینوں سے گریبانوں سے دامانوں سے

کبھی چھوٹوں سے بڑے کام نکل جاتے ہیں
میل رکھ بار گہہ حسن کے دربانوں سے

درد مندوں پہ ذرا رحم کرو بے دردو
ضبط فریاد زیادہ تو نہیں جانوں سے

وہ جو انجان ہیں محفل میں تو اپنا بھی سلام
ہم بھی ملتے نہیں اس طور کے انجانوں سے

منہ پہ بکھرا لئے بال آپ نے سبحان اللہ
دل لگی دیکھ کے کرتے ہیں پریشانوں سے

اے صفیؔ رنگ جو اپنا ہے اسے کیوں بدلوں
تہمتوں سے مجھے اب ڈر ہے نہ بہتانوں سے

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse