شرطیں جو بندگی میں لگانا روا ہوا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
شرطیں جو بندگی میں لگانا روا ہوا
by شاد لکھنوی

شرطیں جو بندگی میں لگانا روا ہوا
اے واعظوں نماز نہ ٹھہری جوا ہوا

ابھرا جو رو سیاہ تنک ظرف کیا ہوا
حد سے سوا جو خال ہوا وہ مسا ہوا

پوچھو نہ کوے یار عدم کی مسافرو
ڈھرا ہے سوئے گور غریباں لگا ہوا

سوکھا ہوائے غم سے جو کچھ تازگی ہوئی
میں وہ شجر ہوں خشک ہوا جب ہرا ہوا

ثانی محال ہے صنم لاجواب کا
پیدا کوئی خدا کا نہیں دوسرا ہوا

مثل حباب دم میں فنا ہو جو آدمی
پانی کا بلبلہ نہ ہوا اور کیا ہوا

وہ دل جلا ہوں جس میں مری خاک مل گئی
جو نخل اس زمیں پہ ہوا آگ کا ہوا

ناخن خراشیوں سے جراحت جو بڑھ چلے
ناسور اور زخم کہن میں سوا ہوا

ہنستے تو گل رخوں سے ہیں مثل دہان زخم
لیکن ہے آبلے کی طرح دل دکھا ہوا

ساکت زبان ہو گئی اے شادؔ مرتے دم
کیا بند عندلیب مرا بولتا ہوا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse