سامنے ان کے تڑپ کر اس طرح فریاد کی

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
سامنے ان کے تڑپ کر اس طرح فریاد کی
by اصغر گونڈوی

سامنے ان کے تڑپ کر اس طرح فریاد کی
میں نے پوری شکل دکھلا دی دل ناشاد کی

اب یہی ہے وجہ تسکیں خاطر ناشاد کی
زندگی میں نے دیار حسن میں برباد کی

ہوش پر بجلی گری، آنکھیں بھی خیرہ ہو گئیں
تم تو کیا تھے، اک جھلک سی تھی تمہاری یاد کی

چل دیا مجنوں تو صحرا سے کسی جانب مگر
اک صدا گونجی ہوئی ہے نالہ و فریاد کی

نغمۂ پر درد چھیڑا میں نے اس انداز سے
خود بہ خود مجھ پر نظر پڑنے لگی صیاد کی

دل ہوا مجبور جس دم اشک حسرت بن گیا
روح جب تڑپی تو صورت بن گئی فریاد کی

اس حریم قدس میں کیا لفظ و معنی کا گزر
پھر بھی سب باتیں پہنچتی ہیں لب فریاد کی

تمتما اٹھے وہ عارض میرے عرض شوق پر
حسن جاگ اٹھا وہیں جب عشق نے فریاد کی

آشیاں میں اب کسی صورت نہیں پڑتا ہے چین
تھی نظر تاثیر میں ڈوبی ہوئی صیاد کی

شعر میں رنگینی جوش تخیل چاہیئے
مجھ کو اصغرؔ کم ہے عادت نالہ و فریاد کی

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse