زاہدو روضۂ رضواں سے کہو عشق اللہ

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
زاہدو روضۂ رضواں سے کہو عشق اللہ
by نظیر اکبر آبادی

زاہدو روضۂ رضواں سے کہو عشق اللہ
عاشقو کوچۂ جاناں سے کہو عشق اللہ

جس کی آنکھوں نے کیا بزم دو عالم کو خراب
کوئی اس فتنۂ دوراں سے کہو عشق اللہ

یارو دیکھو جو کہیں اس گل خنداں کا جمال
تو مرے دیدۂ گریاں سے کہو عشق اللہ

ہیں جو وہ کشتۂ شمشیر نگاہ قاتل
جا کے ان گنج شہیداں سے کہو عشق اللہ

آہ کے ساتھ مرے سینے سے نکلے ہے دھواں
اے بتاں مجھ دل بریاں سے کہو عشق اللہ

یاد میں اس کے رخ و زلف کی ہر آن نظیرؔ
روز و شب سنبل و ریحاں سے کہو عشق اللہ

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse