روز مولود سے ساتھ اپنے ہوا غم پیدا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
روز مولود سے ساتھ اپنے ہوا غم پیدا
by حیدر علی آتش

روز مولود سے ساتھ اپنے ہوا غم پیدا
لالہ ساں داغ اٹھانے کو ہوئے ہم پیدا

ہوں میں وہ نخل کہ ہر شاخ مری آرا ہے
ہوں میں وہ شاخ کہ ہوں برگ تبردم پیدا

میں جو روتا ہوں مرے زخم جگر ہنستے ہیں
شادی و غم سے کیا ہے مجھے توام پیدا

چاہنے والے ہزاروں نئے موجود ہوئے
خط نے اس گل کے کیا اور ہی عالم پیدا

درد سر میں ہو کسی کے تو مرے دل میں ہو درد
واسطے میرے ہوا ہے غم عالم پیدا

زخم خنداں ہیں بعینہ لب خنداں اپنے
شادمانی میں ہے یاں حالت ماتم پیدا

آسماں شوق سے تلواروں کا مینہ برسا دے
مہ نو نے ترے ابرو کا کیا خم پیدا

کام اپنا نہ ہوا جب کجیٔ ابرو سے
گیسوئے یار ہوئے درہم و برہم پیدا

شبہ ہوتا ہے صدف کا مجھے ہر غنچے پر
کہیں موتی نہ کریں قطرۂ شبنم پیدا

چپ رہو دور کرو منہ نہ مرا کھلواؤ
غافلو زخم زباں کا نہیں مرہم پیدا

قلزم فکر میں ہر چند لگائے غوطے
در مضموں کوئی یاروں سے ہوا کم پیدا

دوست ہی دشمن جاں ہو گیا اپنا آتشؔ
نوش داروں نے کیا یاں اثر سم پیدا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse