رفعت کبھی کسی کی گوارا یہاں نہیں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
رفعت کبھی کسی کی گوارا یہاں نہیں
by بخش ناسخ

رفعت کبھی کسی کی گوارا یہاں نہیں
جس سر زمیں کے ہم ہیں وہاں آسماں نہیں

دو روز ایک وضع پہ رنگ جہاں نہیں
وہ کون سا چمن ہے کہ جس کو خزاں نہیں

عبرت کی جا ہے لاکھوں ہی طفل و جواں نہیں
پیری میں بھی خیال اجل کا یہاں نہیں

دشمن اگر وہ دوست ہوا ہے تو کیا عجب
یاں اعتماد دوستیٔ جسم و جاں نہیں

رفتار ناز میں یہ لچک جاتی ہے کہ بس
گویا تری کمر میں صنم استخواں نہیں

منعم کے شکر میں بھی ہلائیں کبھی کبھی
تنہا برائے لذت دنیا زباں نہیں

پژمردہ ایک ہے تو شگفتہ ہے دوسرا
باغ جہاں میں فصل بہار و خزاں نہیں

جن کے سروں پر آپ مگس راں رہے ہما
ان کا لحد میں آج کوئی استخواں نہیں

دھوکا نہ کھا ظروف وضو کو تو دیکھ کر
مسجد ہے مے فروش کی ناسخؔ دکاں نہیں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse