دیوان غالب/دیباچہ و مقدمہ

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
دیوان غالب by مرزا اسد اللہ خان غالب
دیباچہ و مقدمہ



مرزا اسداللہ خان غالب

تصحیح شدہ و اضافہ شدہ نسخہ

(نسخۂ اردو ویب ڈاٹ آرگ)



بارے اس نسخےکے[edit]

ہم ماہرینِ غالبیات ہونےکا دعویٰ نہیں کرتے اور نہ ہمارا یہ خیال ہے کہ ہمیں محقّقین میں شمار کیا جاۓ۔ اردو ویب ڈاٹ آرگ کے کچھ سر پھرے رضاکاروں نے بس یہ بیڑا اٹھایا کہ دیوانِ غالب کو اردو تحریر کی شکل میں مہیا کیا جاۓ۔ اور پھر یہ کوشش رہی کہ زیادہ سے زیادہ کلام یہاں یک جا ہو سکے۔ محض مروّجہ دیوان کے علاوہ بھی جو کچھ ملے، جہاں سے ملے، جس قدر ملے۔ بس کوشش کی ہے کہ کلام غالب کا ہی ہو، کسی اور اسد کا نہ ہو کہ یہ شعر بھی شامل کر دیا جاۓ ۔۔۔۔

اسد اس جفا پر بتوں سے وفا کی
مرے شیر شاباش رحمت خدا کی

جس پر غالب کے الفاظ یہ تھے کہ یہ شعر میرا ہے تو مجھ پر لعنت، اور جس اسد کا ہے اس پہ خدا کی رحمت۔ بہر حال اس کوشش کے پیچھے جن باتوں کا خیال رکھا گیا ہے، وہ ذیل میں دی جا رہی ہیں:

اس کی بنیاد نسخۂ نظامی ہے جو نظامی پریس کانپور سے 1862ء میں چھپا تھا اور جس کی تصحیح خود غالب کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ کچھ اشعار جو دوسرے مروجہ دیوانوں میں مختلف پاۓ جاتے ہیں، اس کی صحت اس نسخے کی مدد سے ٹھیک کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے نسخوں (حمیدیہ، غلام رسول مہر، عرشی) سے وہاں مدد لی گئی ہے جو اشعار نظامی میں نہیں تھے۔

اس نسخے کی ایک مزید خصوصیت یہ ہے کہ اس میں جدید املا کا خیال رکھاگیا ہے۔ چناں چہ کچھ الفاظ کی املا جو یہاں ہے، ان کی فہرست ذیل میں ہے:

کیونکر ۔۔۔۔۔۔۔ کی جگہ۔۔۔۔۔۔۔ کیوں کر
ہاے ۔۔۔۔۔۔۔ کی جگہ۔۔۔۔۔۔۔ ہاۓ
سخت جانیہاے ۔۔۔۔۔۔۔ کی جگہ۔۔۔۔۔۔۔ سخت جانی ہاۓ
پانو ۔۔۔۔۔۔۔ کی جگہ۔۔۔۔۔۔۔ پاؤں
بے کسیِ۔۔۔۔۔۔۔ کی جگہ۔۔۔۔۔۔۔ بے کسئِ

اگر پھر بھی کوئی غلطی کسی قاری کو نظر آۓ تو ہمیں اطلاع دیں، اگر قابلِ قبول ہوئی تو ہم بسرو چشم اسے قبول کریں گے اور تصحیح کے بعد یہ ای بک دوبارہ آپ کی خدمت میں پیش کی جا سکے گی۔

ترتیب و تحقیق: اعجاز عبید، جویریہ مسعود

ٹائپنگ:اردو ویب ڈاٹ آرگ ٹیم۔۔۔اعجاز اختر (اعجاز عبید) ، سیدہ شگفتہ ، نبیل نقوی ، شعیب افتخار (فریب)، محب علوی، رضوان ، شمشاد

تصحیح و اضافہ: جویریہ مسعود، اعجاز عبید

20 جون 2006