دکھا اے ناخن غم لطف باہم ایسے ساماں پر

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
دکھا اے ناخن غم لطف باہم ایسے ساماں پر
by منشی خیراتی لال شگفتہ

دکھا اے ناخن غم لطف باہم ایسے ساماں پر
گریباں کا ہو منہ دامن پہ دامن کا گریباں پر

وہ سوئے ہو کے بے پردہ یہاں کس کس تمنا سے
مگر صدقے ہوا کے رات بھر روئے درخشاں پر

تمہارے دست نازک نے جو کیں اٹھکھیلیاں اس سے
اتر آیا گریباں مسکرا کر پائے داماں پر

سکھایا چشم کو کیا آتش غم نے دم گریہ
ہر اک آنسو بنا ہے آبلہ دامان مژگاں پر

جگر میں کس مزے سے چٹکیاں لیتا ہے چھپ چھپ کر
گمان شاہد پہلو ہے مجھ کو درد پنہاں پر

میں وہ شیدائے گیسو ہوں کہ اکثر موسم گل میں
مرا پائے نظر پڑتا ہے زنجیر گلستاں پر

وہ بلبل ہوں غزل خوان اے شگفتہؔ باغ عالم میں
گراں ہوتا نہیں میرا سخن طبع سخنداں پر

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse